میئرکراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں سے متاثرہ شہر کی سڑکوں اور اسٹریٹ لائٹس کی مرمت و بحالی کا کام آئندہ 60 روز میں مکمل کرلیا جائے گا، ہر ڈسٹرکٹ کے لئے الگ کنٹریکٹر ہے،پیر سے کام شروع کرنے جارہے ہیں، شفافیت کے لئے آفیشل ویب سائٹ پر تمام تفصیلات درج کردی ہیں جسے روز مرہ کی بنیاد پر اپ ڈیٹ کیا جائے گا،کے ایم سی نے شہر کے انتظامی معاملات کو مزید شفاف بنایا ہے اور ترقیاتی منصوبوں، بجٹ اور سڑکوں کی بحالی کے عمل کی مکمل تفصیلات اپنی سرکاری ویب سائٹ پر شائع کی ہیں،سڑکوں سے متعلق مسائل کو بروقت حل کرنے کے لئے ایک خصوصی عوامی شکایتی نظام بھی شروع کیا گیا ہے، شہری کے ایم سی کے زیر انتظام 106 سڑکوں کے حوالے سے اپنی شکایات 1339 پر درج کراسکتے ہیں، میں، ڈپٹی میئراور دیگرمتعلقہ حکام خود ہونے والی کارروائی کی نگرانی کریں گے،

توقع ہے کہ ٹاؤنز انتظامیہ اور کے ڈی اے بھی اسی طرح اپنے فرائض منصبی کی تفصیلات اور کئے جانے والے کاموں کو عوام الناس کے سامنے لائے گی تاکہ شہریوں کو علم ہو سکے کہ کہاں کس کی ذمہ داری ہے اور کو ن کام کررہا ہے، بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیر انتظام سڑکوں کی بلا اجازت کھدائی کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے گی، تنقید کرنے والے بتائیں ٹاؤنز میں جمع ہونے والی رقوم کہاں جارہی ہیں،متاثرہ سڑکوں کی مرمت کیوں نہیں کی جاتی،ٹاؤنز کو ملنے والے پیسے اس شہر کی امانت ہیں، یہ پیسے اکاؤنٹ میں رکھنے کے لئے بلکہ انفراسٹرکچر کی بحالی اور بہتری پر خرچ کئے جائیں، سیلابی صورتحال میں سارے پاکستان کی عوام سے اظہار یکجہتی کرتا ہوں، مشکل کی اس گھڑی میں پنجاب کے بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، دریائے راوی اور ستلج میں موجودہ صورتحال پاکستان کے خلاف سازش کی کوشش ہے، پنجاب کی عوام کو جو سپورٹ درکار ہو بلدیہ عظمیٰ کراچی اس کے لئے تیار ہے۔جمعرات کے روز صدر دفتر بلدیہ عظمیٰ کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہاکہ کراچی شہر میں بارش کی صورتحال سے باہر آ گئے ہیں، ابھی تک شہر میں مزید خطرناک بارش کی پیشگوئی نہیں ہے، اب دوسرے فیز میں بارش کے بعد سڑکوں کی مرمت اور بحالی کا کام کرنے کی ضرورت ہے، ہر شہری کو پتہ ہونا چاہئے کہ اس کی سرکار کیا کر رہی ہے، عوام بلدیہ عظمیٰ کراچی کی کارکردگی سے متعلق معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں لہٰذا ہم نے تمام تفصیلات ہر شہری تک پہنچانے کے لیے اپنی ویب سائٹ کو اپ گریڈ کردیاہے۔تمام متعلقہ افسران و ٹھیکیداروں کا ڈیٹا جاری کردیا،سڑکوں کی تعمیر میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائے گا، ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد اور دیگر منتخب نمائندے اور افسران بھی اس موقع پرموجود تھے، میئرکراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کے ایم سی ویب سائٹ www.kmc.gos.pk پر کے ایم سی مینڈیٹ کے ذیلی عنوان سے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے دائرہ اختیار میں جو بھی چیزیں ہیں ان کی تفصیلات عام کر دی ہیں، شہریوں کو پتہ ہونا چاہئے کہ کون سی سڑک ہماری ہے یا نہیں، 106 سڑکوں کی تفصیلات واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہیں،جگہ اور پیمائش بھی ڈال دی ہے، ہر سڑک کی پہلے والی اور موجودہ صورتحال بھی دی جائے گی، ان 106 سڑکوں کے ہم والی وارث ہیں اور ان کی ذمہ داری نبھائیں گے، شہر میں انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کے لئے نیا طریقہ اپناتے ہوئے کراچی کے ساتوں اضلاع میں الگ الگ کنٹریکٹ دیئے ہیں، 1339 پر شہریوں کی شکایات سنی جائیں گی،جہاں سڑک ٹوٹی ہوگی متعلقہ کنٹریکٹر جا کر اس کی مرمت کرے گا، اپنی ٹیم کو کہہ دیا ہے کہ کام کے لئے منظوری کا انتظار نہ کریں اور نہ ہی معیار پر سمجھوتہ کریں بلکہ شہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے، سڑکوں اور اسٹریٹ لائٹس کے کاموں کے علاوہ ہم نے گلی محلوں کے لیے بھی ڈیولپمنٹ اسکیمیں منظور کروائی ہیں، ویب سائٹ پرڈیولپمنٹ ورکس کے ذیلی عنوان سے ڈسٹرکٹ ڈی پی، پراونشل اے ڈی پی، سالانہ ترقیاتی اسکیموں اور کلک فنڈڈ پروجیکٹس کی تمام تفصیلات ڈال دی ہیں، سال رواں کے علاوہ گزشتہ سالوں کے کام بھی اس میں شامل ہیں، جو لوگ اپنا کام نہیں کرتے ان کی حدود میں بھی کام کرنے جا رہے ہیں، کام کا سلسلہ چلتا رہے گا، میں چاہوں گا ہر ادارہ اسی طرح سے کام کرے اورکے ایم سی کی طرح،ٹاؤنز اور کے ڈی اے بھی کاموں کی تفصیلات جاری کریں، سامنے آئیں بتائیں کیا کر رہے ہیں، پراپرٹی ٹیکس، ٹریڈ لائسنس، ایڈورٹائزمنٹ فیس اور روڈ کٹنگ کی مد میں ملنے والے پیسے کہاں جا رہے ہیں، اس کا جواب شہریوں کو ملنا چاہئے، جماعتی بھائی کہتے ہیں پیسے نہیں ہیں اختیارات نہیں ہیں، سڑکوں کی مرمت کا کہو تو کہتے ہیں سوئی گیس نے کام مکمل نہیں کیا، یہ چاہتے ہیں میں ان کے خلاف عدالت جاؤں،شہریوں کا حق ہے کہ ان کے مسائل حل ہوں اور انہیں آپ کی کارکردگی کا علم ہو، آپ کے پاس اختیار نہیں تو گھر چلے جائیں، یہ نہ بتائیں کہ دل محمد نے کیا نہیں کیا، کل میں گیارہ بجے چاہوں گا منعم ظفر صاحب پریس کانفرنس کریں اور اپنے ٹاؤنز کے کاموں کی تفصیلات بتائیں، دہرا معیار نہیں ہونا چاہئے،میں غلطی کروں کوتاہی کروں پلیز تنقید کریں، جب عید الاضحی پر سالڈ ویسٹ زبردست کام کرتی ہے تو ٹاؤنز کہتے ہیں ہم نے بہترین کام کیا، بہت سارے ٹاؤنز نے کے ایم سی کی سڑکوں پر بھی روڈ کٹنگ کی ہے، غلط کام پر سب سے بازپرس ہوگی،میں نے پیپلز پارٹی کی نہیں کراچی کی ہیٹ پہنی ہوئی ہے، غلط کام میرا ادارہ بھی کرے گا تو میں شہریوں کے ساتھ کھڑا ہوں گا، بہتری کے لئے الزامات کی سیاست سے باہر نکلنا ہوگا، ایم کیو ایم اور جماعت اسلامی کے ساتھ انتظامی نہیں سیاسی اختلاف ہے آپس میں لڑتے رہے تو کام نہیں ہوگا،یہ ہم سب کا شہر ہے اور ہمیں چاہئے کہ شہر کے وسیع تر مفاد میں مل کرکام کریں، ہر قسم کا تعاون کرنے کے لئے تیار ہیں۔






