پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ نے مالی سال 2025-26 کے صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی کے 23 ویں اجلاس میں مختلف سیکٹرز کی ترقیاتی سکیموں کے لئے 86 ارب روپے کے فنڈز کی منظوری دے دی گئی ۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین پی اینڈ ڈی بورڈ ڈاکٹر نعیم رؤف نے کی ۔اجلاس میں جن منصوبوں کی منظور ی دی گئی ان میں راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں انڈر پاسز کی تعمیر کے لیے 6 ارب روپے شامل ہے جس سے چیرنگ کراس، ریس کورس چوک اور آرمی قبرستان چوک میں انڈر پاسز تعمیر ہونگے۔ اسکے علاوہ لاہور کے مختلف علاقوں میں انڈر گراؤنڈ پارکنگ کے لیے 24 ارب 69 کروڑ کی منظوری دی گئی ۔

منظور شدہ فنڈز سے ناصر باغ ، موچی گیٹ، شیراں والا گیٹ اور ٹیکسالی گیٹ میں انڈر گراؤنڈ پارکنگ تعمیر کی جائے گی۔ صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی نے اپنے 23 ویں اجلاس میں مختلف شہروں میں سیوریج اور طوفانی بارشوں کے ڈرینج سسٹم کی تعمیر کے لیے 54 ارب کی منظوری بھی دی گئی جس سے ٹوبہ ٹیک سنگھ ، گوجرا ، بھکر، جڑانوالہ، کوٹ رادھا کشن، بہاولنگر اور خوشاب میں سیوریج اور ڈرینج سسٹم تعمیر ہوں گے۔ اسکے علاوہ پنجاب واٹر ریسورس مینجمنٹ میں پروجیکٹ ریڈینس فائنانسنگ فیسیلٹی کے لیے ایک ارب 27 کروڑ، بورے والا میں سیوریج سسٹم اور فٹ پاتھ کی تعمیر کے لیے 8ارب 19 کروڑ اور مری بھوربھن میں 50 بستروں کے ہسپتال کی تعمیر کے لیے فیزیبلٹی سٹڈی کے لیے ایک کروڑ 39 لاکھ کے فنڈز کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں سیکرٹری پی اینڈ ڈی رفاقت علی ، چیف اکانومسٹ مسعود انور،ممبران پی اینڈ ڈی بورڈ اور متعلقہ سیکٹرز کے افسران بھی شریک ہوئے۔






