سندھ ممکنہ سیلاب صورتحال کے پیش نظر ناصر شاہ کی کچے کے علاقوں کے مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی اپیل

صوبائی وزیر توانائی، ترقیات و منصوبہ بندی سید ناصر حسین شاہ نے خبردار کیا ہے کہ سندھ میں سپر فلڈ کا خدشہ ہے اور اگلے ایک سے دو روز میں سیلابی ریلا گڈو بیراج سے گزرے گا۔ انہوں نے کچے کے علاقوں کے مکینوں سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر محفوظ مقامات یا قائم کردہ ریلیف کیمپوں میں منتقل ہو جائیں۔ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ احتیاط پچھتانے سے بہتر ہے، اس وقت اگر لوگ کچے کے علاقوں سے آجائیں گے تو محفوظ مقامات تک پہنچ سکیں گے، بصورتِ دیگر خدانخواستہ بارش زیادہ ہوئی یا غیر معمولی صورت حال پیدا ہوئی تو اچانک انخلا مشکل ہوجائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ منتخب نمائندے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدر آصف علی زرداری کی ہدایت پر ہر جگہ موجود ہیں، جبکہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور فریال تالپور کی ہدایات پر سندھ حکومت ہر جگہ متحرک ہے۔ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت اپنا کام کر رہی ہے، ہم اپنے بھائی بہنوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ امید ہے کہ صورت حال بہتر رہے گی، لیکن شہریوں سے گزارش ہے کہ حفاظتی اقدامات میں انتظامیہ سے تعاون کریں۔

جواب دیں

Back to top button