محکمہ لوکل گورنمنٹ پنجاب کے زیر اہتمام ’’بلدیاتی خدمات کی فراہمی اور پائیداری‘‘ کے موضوع پر ایک اہم ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف اضلاع کی بلدیاتی قیادت اور متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ ورکشاپ کا انعقاد پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈ کمپنی (PMDFC) اور جرمن ترقیاتی ادارے GIZ کے باہمی اشتراک سے کیا گیا۔ورکشاپ میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں نے خصوصی شرکت کی، جبکہ سپیشل سیکرٹری ایڈمن ارشد بیگ اور سپیشل سیکرٹری ڈویلپمنٹ آسیہ گل بھی شریک ہوئیں۔ اس موقع پر ایم ڈی پی ایم ڈی ایف سی زاہد عزیز، جی ایم محمود مسعود تمنا، اور GIZ کے نمائندے سنجیو پوکھرال، عاصم شفیع اور صنم ارشاد بھی موجود تھے۔تقریب میں ٹوبہ ٹیک سنگھ، جہلم، شیخوپورہ اور لاہور کی لوکل گورنمنٹس کے افسران نے بھی بھرپور شرکت کی۔ ورکشاپ کے دوران جی ایم پی ایم ڈی ایف سی محمود مسعود تمنا نے سیوریج کٹ سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی،

جب کہ بلدیاتی خدمات پر مبنی ایک خصوصی ڈاکیومنٹری بھی پیش کی گئی۔سیکرٹری بلدیات شکیل احمد میاں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ PMDFC اور GIZ کے تعاون سے مختلف اضلاع میں قابلِ قدر اصلاحات متعارف کروائی گئی ہیں۔ اُنہوں نے بتایا کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ای بلنگ سسٹم کے آغاز سے نہ صرف محصولات میں اضافہ ہوا ہے بلکہ سروس ڈلیوری میں بھی واضح بہتری آئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمہ بلدیات اب واٹر سپلائی، سینی ٹیشن سمیت دیگر بلز بھی ای بلنگ کے ذریعے وصول کر رہا ہے، جو ایک انقلابی قدم ہے۔شکیل احمد میاں نے مزید کہا کہ پہلی بار اقلیتوں کی شادی کے اندراج کے لیے باضابطہ قواعد تشکیل دیے گئے ہیں، جبکہ مقامی اداروں کی استعداد بڑھانے کے لیے بڑے پیمانے پر تربیتی سیشنز کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مقامی سطح پر وسائل اور ضروریات کا تجزیہ پالیسی سازی میں کامیابی کے لیے بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔اس موقع پر سپیشل سیکرٹری ڈویلپمنٹ آسیہ گل نے کہا کہ خواتین کی بلدیاتی اداروں میں شمولیت کو یقینی بنانے کے لیے ’’خواتین سہولت مراکز‘‘ قائم کیے گئے ہیں۔ انہوں نے ای بلنگ سسٹم جیسے اقدامات کو لوکل گورنمنٹس کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔سپیشل سیکرٹری ایڈمن ارشد بیگ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی ایم ڈی ایف سی اور GIZ کا اشتراک نہ صرف پالیسی سازی میں معاون ثابت ہوا بلکہ ادارہ جاتی استحکام کے فروغ میں بھی اس کا کردار قابلِ ستائش ہے۔ایم ڈی پی ایم ڈی ایف سی زاہد عزیز نے کہا کہ پی ایم ڈی ایف سی، بلدیاتی اداروں کو نچلی سطح پر ٹیکنیکل سپورٹ فراہم کر رہا ہے اور GIZ کے تعاون سے شہری سہولیات کی بہتری کے کئی منصوبے کامیابی سے مکمل کیے جا چکے ہیں۔ورکشاپ کے اختتام پر شریک افسران نے بلدیاتی خدمات کی بہتری کے لیے جاری اقدامات کو سراہا اور مستقبل میں بھی اس نوعیت کے اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔





