اختیارات کا مسئلہ نہیں، اچھا کام ہوگا تو سلام کریں گے، برا ہوگا تو تنقید ہوگی۔ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا پریس کانفرنس سے خطاب

کراچی(بلدیات ٹائمز)میئرکراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہاہے کہ بائیس اگست کی پریس کانفرنس کے بعد میڈیا کو اعداد و شمار دیئے اور بتایا تھا جماعت اسلامی کے 9 ٹاؤنز کو کتنے پیسے ملے،اس پریس کانفرنس کے بعد جماعت اسلامی کے لوگوں کو کچھ ہوش آیا اور کام شروع کردیا، جو ٹاؤنز چیئرمین اختیارات کا رونا روتے تھے اب وہ کام کر رہے ہیں، اب مزہ آئے گا وہ بھی کام کریں گے ہم بھی کام کریں گے، مسئلہ اختیارات اور وسائل کا نہیں، اچھا کام ہوگا تو سلام کرینگے، کام اچھا نہیں ہوگا تو تنقید کریں گے، ماضی میں کراچی سے دہشت گردی کو ختم کیا اب ہم منافقت کو بھی ختم کریں گے، لوگوں کو بتاؤں گا کس ٹاؤن نے پراپرٹی ٹیکس کی مد میں کتنا پیسہ کمایا، منافقت نہیں چلنے دوں گا، فی الحال بارش کا معاملہ ہے ورنہ میں منافقت بے نقاب کرتا، بارش کے تناظرمیں ایمرجنسی کی بات ابھی نہیں کرسکتے، این ڈی ایم اے،پی ڈی ایم اے اور محکمہ موسمیات سب سے رابطے میں ہیں،شہر کے وسیع تر مفاد میں ایم کیو ایم، مسلم لیگ (ن)، جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کو مل کر کام کرنے کی دعوت دیتا ہوں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز صدر دفتر بلدیہ عظمیٰ کراچی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،

اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر کر م اللہ وقاصی، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، جمن دروان اور دیگر منتخب نمائندے بھی موجود تھے۔ میئرکراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہاکہ آج کل اور پرسوں محکمہ موسمیات کی جانب سے کراچی اور صوبہ بھرمیں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے جس کے پیش نظرتمام متعلقہ بلدیاتی عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی ہیں، میں نے ڈپٹی میئرکے ہمراہ نالوں کے روایتی چاکنگ پوائنٹ کا معائنہ کیا جہاں صورتحال اطمینان بخش ہے، گجرنالہ، محمود آباداور اورنگی نالہ سمیت تمام نالے کلیئر ہیں، 43 نالوں کے اوپر مشینری اور لیبر موجود ہے، چاکنگ پوائنٹس کے اطراف جہاں پانی جمع ہونے کے خدشات ہیں ریلیف کیمپ بھی بنائے ہیں، ہمارے 14 انڈر پاسز پر بھی نکاسی آب کی مشینری موجود ہے اس کے علاوہ کراچی میں کچھ نشیبی علاقوں میں بھی ہم نے مشینری لگائی ہے، واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کی 120 گاڑیاں سڑکوں پر موجود رہیں گی، شہر کے گلی محلوں میں بھی بارش کے پانی کی نکاسی کو یقینی بنائیں گے۔چالیس ملی میٹر پانی کی نکاسی نالے کرسکتے ہیں، زیادہ بارش کی شکل میں مشکل ہوتی ہے، ہم نے تمام نالے صاف کئے تھے جس کہ وجہ سے 19 اگست کی بارش کا پانی نکاس ہوسکا، اس وقت نالوں کی صورتحال بہتر ہے تمام نالوں کے چوکنگ پوائنٹ کلیئر ہیں، اضافی پمپ بھی پہنچائے گئے ہیں تمام انڈر پاس بھی کلیئر ہیں،انڈر پاس پر بھی اضافی پمپ پہنچائے گئے ہیں، میئر کراچی نے کہا کہ صبح میری چیف سیکریٹری سے میٹنگ ہوئی ہے اور تین بجے بھی ایک میٹنگ ہے کوشش ہے ٹریفک پولیس اور سٹی وارڈنز مل کرکام کریں، انہوں نے کہاکہ بارش کے بعد لوگ بڑی تعداد میں نکلتے ہیں جس کی وجہ سے خوف وہراس پیدا ہوجاتا ہے، تیز بارش کی صورت میں عوام سے گزارش ہے کہ فوری باہر نہ نکلیں بارش کے بعد پانی نکالنے میں دو سے ڈھائی گھنٹے لگیں گے، میڈیا ہمارے ساتھ تعاون کرے، کسی بھی قسم کا خوف پھیلانے کے حوالے سے خبریں کنٹرول کریں، اس حوالے سے غیرضروری قیاس آرائی نہ کی جائے،صورتحال خراب ہوتی ہے تو ماہرین کی مدد سے فیصلہ کریں گے، عوام گھبرائیں نہیں ان کا وزیراعلیٰ اور میئر فیلڈ میں موجود ہیں، وزیراعلیٰ سندھ اور وزیر بلدیات بھی گزشتہ بارشوں میں سڑکوں پر موجود رہے تھے، ایمرجنسی ہوئی توریلیف کے کام کو تیزی سے کرنے کی کوشش کرینگے، انہوں نے کہاکہ شہر کے تمام46 نالے سمندر میں جاتے ہیں، اس وقت سب سے بڑا چیلنج سمندر کا ہائی ٹائٹ ہونا ہے، چودھویں کے چاند کے دوران سمندر ہائی ٹائٹ ہوتا ہے جس کے دوران سمندر پانی نہیں لیتا یا کم لیتا ہے، شمالی علاقہ جات سے بھی پانی سندھ میں داخل ہو رہا ہے، نہر خیام کا نالہ کلیئر ہے تاہم نہر خیام سے اس وقت پانی سمندر میں نہیں جارہا بلکہ سمندر سے پانی نہر خیام میں آرہاہے، بارش اگر تیز ہوئی تو ہمیں اس چیلنج کا بھی سامنا کرنا ہوگا، میئرکراچی نے کہاکہ بدقسمتی سے ہمارے ہاں ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کے لئے سیاست کا آغاز ہوجاتا ہے، شاید منعم ظفر سمندر سنبھال لیں اس پر میری میم بھی بنے گی مگر یہ وہ انتظامیہ نہیں ہے جو کیفے پیالہ پر بیٹھ کر چائے پراٹھا کھا رہے ہوں، ربیع الاول میں بھی تمام عملہ آپ کی خدمت میں موجود تھا، ہم کام کرنے والے لوگ ہیں اور ہرمشکل گھڑی میں عوام کے ساتھ ہیں، مجھے پتہ ہے کہ جماعت اسلامی والے اب پریس کانفرنس کریں گے، انہوں نے کہاکہ بلدیہ کا گراؤنڈ کے ایم سی کی ملکیت ہے اور وفاقی ادارہ پی آئی ڈی سی ایل نے بلدیہ گراؤنڈ پر کام کرنے کی کوئی اجازت نہیں لی، کے ایم سی اس گراؤنڈ میں ایک ارب کا کام کرارہی ہے، وفاقی ادارہ مادرپدر آزاد نہیں کہ جو چاہے وہ کرلے، غیرقانونی کام نہیں ہونا چاہیے، ہمارا کیا ہوا کام وہ خراب کردیں ہم ایسا نہیں کرنے دیں گے، فہیم پٹنی نے مجھ سے رابطہ کیا ہے، لیاقت آسکانی وہاں کے ایم پی اے ہیں، میئر کراچی نے کہاکہ ن لیگ ہماری اتحادی جماعت ہے اور ہمارے اتحاد سے وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت قائم ہے، ن لیگ کے اتحاد سے ہماری کراچی میں حکومت ہے، گلے شکوے ہوتے رہتے ہیں، ہمارا ٹارگٹ شہر قائد کی خدمت ہے، کراچی کے تمام ایشوز کو حل کرنے کی کوشش کریں گے۔

جواب دیں

Back to top button