فیصل آباد کے شہریوں کے لئے خوشخبری! پارکنگ کے مسئلے کے لئے پارکنگ پلازہ، معیاری کھانوں کی فراہمی کے حوالے سے فوڈ سٹریٹ بنانے کا فیصلہ

فیصل آباد کے شہریوں کے لیے خوشخبری، برسوں سے درپیش پارکنگ کے مسئلے کے لئے پارکنگ پلازہ اور معیاری کھانوں کی فراہمی کے حوالے سے فوڈ سٹریٹ بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس میں بیرون چنیوٹ بازار پارکنگ پلازہ اور اولڈ لیڈیز پارک کو فود سٹریٹ بنانےکے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں پارکنگ پلازہ اور فوڈ کورٹ کی تعمیر کے منصوبوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے اجلاس کو منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بیرون چنیوٹ بازاراولڈ میئر ہاؤس پر جدید طرز کا 9 منزلہ پارکنگ پلازہ تعمیر کیا جائے گا جو 4 لاکھ 93 ہزار مربع فٹ رقبے پر مشتمل ہوگا۔ اس پلازے کے بیسمنٹ اور لوئر گرائونڈفلور میں موٹر سائیکل پارکنگ، جبکہ لوئر گراؤنڈ فلور، گراؤنڈ فلور اور فرسٹ فلور پر کمرشل مارکیٹ قائم کی جائے گی۔ باقی پانچ فلورز پر کار پارکنگ جبکہ روف ٹاپ پر فوڈ کورٹ تعمیر کیا جائے گا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ترتیب دیے گئے ڈیزائن کے مطابق پارکنگ پلازہ میں 215 دکانیں تعمیر کی جائیں گی۔ ضلع کونسل اور میونسپل کارپوریشن کے اشتراک سے مکمل ہونے والا یہ منصوبہ شہر کے آٹھ بڑے بازاروں سے گاڑیوں کی پارکنگ کا مسئلہ حل کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔کمشنر فیصل آباد نے کہاکہ فیصل آباد ایک صنعتی اور تجارتی شہر ہے جہاں روزانہ ہزاروں افراد خریداری کے لیے بازاروں کا رخ کرتے ہیں۔ پارکنگ پلازہ کی تعمیر شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ٹریفک کے دباؤ میں کمی لائے گی۔اسی اجلاس میں اولڈ لیڈی پارک میں فوڈ اسٹریٹ بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اس موقع پر کمشنر فیصل آباد نے کہا کہ فوڈ اسٹریٹ کے قیام سے شہریوں کو معیاری کھانوں کی سہولیات میسر آئیں گی، روایتی پکوانوں کو فروغ ملے گا، جبکہ ایک ہی چھت تلے لوگ مختلف ذائقوں سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔ ان منصوبوں کے ذریعے مقامی کاروبار کو فروغ ملے گا اور ہزاروں افراد کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن عامر رضا، ایڈیشنل کمشنر کنسالیڈیشن آصف چوہان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل فضل عباس اور متعلقہ محکموں کے افسران بھی شریک تھے۔

جواب دیں

Back to top button