پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ نے مالی سال 24-2023کے صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے 55ویں اجلاس میں مختلف سیکٹر زکی 5ترقیاتی سکیموں کے لیے مجموعی طور پر 25ارب 96کروڑ 97لاکھ 91ہزار روپے فنڈز کی منظوری دی۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین پی اینڈ ڈی بیرسٹر نبیل احمد اعوان نے کی۔
صوبائی ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں ترقیاتی بورڈ کی جانب سے جن سکیموں کی منظوری دی گئی ان میں ملتان وہاڑی روڈ کی بحالی کیلئے 13ارب روپے، ضلع فیصل آباد اور چنیوٹ میں فیصل آباد چنیوٹ سرگودھا روڈ (کمال پور انٹر چینج تا تحصیل چوک چنیوٹ) کو دو رویہ کرنے کیلئے 11ارب روپے، ڈسٹرکٹ پولیس لائنز ملتان میں سی پی کمپلیکس کی تعمیر کیلئے 48کروڑ15لاکھ 44ہزار روپے، بورے والا شہر میں سیوریج سسٹم کی بہتری و توسیع کیلئے 1ارب 1کروڑ 18لاکھ روپے اور سرگودھا شہر کے مختلف علاقوں میں سیوریج اسکیموں کیلئے 47کروڑ 64لاکھ 47ہزار روپے شامل ہیں۔
اجلاس میں صوبائی سیکرٹری پی اینڈ ڈی بورڈ ڈاکٹر آصف طفیل سمیت چیف اکانومسٹ ناصر اقبال ملک، متعلقہ سیکرٹریز، محکمہ جات کے اعلی افسران اور پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے ممبران نے شرکت کی۔






