سندھ حکومت نے2 ہزار پرائمری اسکولوں کو اپ گریڈ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا،فیصلے کا سب سے زیادہ فائدہ بچیوں کی تعلیم کا ہوگا،سید سردار علی شاہ

سندھ اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے صوبے میں تعلیم کے فروغ کے لیے اہم قدم اٹھاتے ہوئے 2000 پرائمری اسکولوں کو ایلیمینٹری اسکول میں اپ گریڈ کردیا ہے، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ وزیر تعلیم سردار علی شاہ کا کہنا ہے کہ سندھ میں پوسٹ پرائمری اسکولوں کی کمی ہے، اسی وجہ سے پرائمری اسکولوں کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے تاکہ پانچویں جماعت پاس کرنے والے بچے اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں۔ اس اقدام سے تعلیمی شعبے میں بہتری آئے گی اور بچوں کو اپنے ہی علاقوں میں قریب ترین ایلیمینٹری اسکول کی سہولت میسر ہوگی،

جس سے اسکول داخلوں میں بھی اضافہ ہوگا۔اسکول ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کے پلاننگ، ڈویلپمنٹ اور ریسرچ وِنگ کی تفصیلی جانچ کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے اور پورے سندھ کے 2000 پرائمری اسکولوں کو ایلیمینٹری میں اپ گریڈ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق حیدرآباد ڈویژن میں 496 اسکول، شہید بینظیر آباد ڈویژن میں 406 اسکول، میرپورخاص ڈویژن میں 244 اسکول، سکھر ڈویژن میں 341 اسکول، کراچی ڈویژن میں 56 اسکول اور لاڑکانہ ڈویژن میں 490 اسکول اپ گریڈ کیے گئے ہیں۔اس موقع پر وزیر تعلیم سردار علی شاہ نے کہا کہ اسکول اپ گریڈ ہونے سے تعلیم کے معیار میں بہتری آئے گی۔ قریب ہی ایلیمینٹری اسکول دستیاب ہونے کی وجہ سے بچے پانچویں جماعت کے بعد بھی تعلیم جاری رکھ سکیں گے اور انہیں دور دراز نہیں جانا پڑے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے 10 ہزار پرائمری اسکول اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پہلے مرحلے میں 2 ہزار اسکول اپ گریڈ کر دیے گئے ہیں جبکہ باقی بھی مرحلہ وار اپ گریڈ کیے جائیں گے۔سندھ حکومت تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے اور آئندہ دنوں میں مزید مثبت اقدامات کیے جائیں گے، فیصلے کا سب سے زیادہ فائدہ بچیوں کی تعلیم کا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تمام اسکولوں کے ہیڈ ماسٹرز کو فنڈز کے استعمال کا اختیار دے دیا گیا ہے تاکہ وہ اپنے اسکولوں کے مسائل خود حل کر سکیں۔

جواب دیں

Back to top button