*بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے شہر بھر میں اربوں روپے مالیت کے میگا ترقیاتی منصوبوں کا آغاز*

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی ہدایت پر کراچی کے انفراسٹرکچر کی ازسرِنو تعمیر، شہری سہولیات میں بہتری اور شہر کے حسن و جمال کی بحالی کے لیے بلدیہ عظمیٰ کراچی نے شہر کے مختلف علاقوں میں 3.80 ارب روپے مالیت کے جامع میگا ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کر دیا ہے،کے ایم سی نے ان منصوبوں پر فوری عملدرآمد کے لیے ٹینڈرز جاری کر دیئے ہیں تاکہ ان کے نفاذ میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہو، یہ منصوبے شہر کے تجارتی مراکز کی ترقی، قدیم و تاریخی مارکیٹوں کی بحالی، اہم شاہراہوں کی تعمیر و توسیع اور تفریحی و عوامی سہولیات میں اضافے کے لیے ترتیب دیئے گئے ہیں، جن میں نئے عوامی پارکس کی تعمیر اور کڈنی ہل پارک میں برڈ ز آوری (پرندوں کے لیے مخصوص پارک) کا قیام بھی شامل ہے،نئے منصوبوں کی تفصیل کے مطابق شہر کے تجارتی علاقوں کی ترقی کے لئے 53 کروڑ 10 لاکھ روپے، کے ایم سی کی پرانی مارکیٹوں کی بحالی کے لئے 27 کروڑ 70 لاکھ روپے،اولڈ سٹی ایریا کی ترقی کے لئے 74 کروڑ 40 لاکھ روپے،حب ریور روڈ کی بحالی کے لئے 99 کروڑ 90 لاکھ روپے،کڈنی ہل پارک میں برڈز آوری کے قیام کے لئے 20 کروڑ روپے،گٹر باغیچہ میں عوامی پارک کی تعمیر کے لئے 14 کروڑ 70 لاکھ روپے ہیں، ان منصوبوں کی مجموعی لاگت 3.70 ارب روپے ہے جو کے ایم سی کی جانب سے حالیہ برسوں میں شروع کی جانے والی سب سے بڑی شہری ترقیاتی مہمات میں سے ایک ہے،ان منصوبوں کے علاوہ کے ایم سی نے کلک پروجیکٹس کے تحت مزید چار ترقیاتی منصوبوں کی منظوری بھی دی ہے جن میں ضلع کورنگی میں ناصر جمپ پر مہرالنساء اسپتال روڈ کی تعمیر،اورنگی ٹاؤن میں قبہ خیبر روڈ کی بحالی،ضلع وسطی میں خواجہ اجمیر نگری سے منگھوپیر روڈ تک سڑک اور نکاسی آب کے نظام کی تعمیر،ضلع غربی میں کیپٹن شیر خان شہید اسپورٹس کمپلیکس کی ترقی شامل ہیں، ان کلک منصوبوں کی مجموعی لاگت 90 کروڑ روپے ہے جو کے ایم سی کے جامع، پائیدار اور ہمہ جہت شہری ترقی کے عزم کو مزید مضبوط بناتی ہے،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ یہ منصوبے ان تمام ناقدین کے لیے واضح جواب ہیں جو یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ کراچی میں ترقیاتی کام یا فنڈز کا مؤثر استعمال نہیں ہو رہا،انہوں نے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی وژنری قیادت اور سندھ حکومت کے مکمل تعاون کے ساتھ ہم کراچی کو ایک بار پھر ایک خوشحال، متحرک اور رہنے کے قابل شہر بنانے کے لیے پرعزم ہیں،میئر کراچی نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی نہ صرف انفراسٹرکچر کی ترقی پر توجہ دے رہی ہے بلکہ شہر کی ثقافت، تاریخی ورثے اور عوامی مقامات کے احیاء کے لیے بھی سرگرم عمل ہے تاکہ کراچی کی اصل شناخت کو دوبارہ بحال کیا جا سکے، وہ شناخت جو ماضی میں دانستہ طور پر نظرانداز اور مسخ کی گئی،انہوں نے کہا کہ شفافیت اور منصفانہ مسابقت کو یقینی بنانے کے لیے تمام ٹینڈرز اور بولی کے مراحل ای پروکیورمنٹ اینڈ آکشن ڈویژن (ای پی اے ڈی) کے ذریعے منعقد کیے جا رہے ہیں اور ٹھیکیداروں کا انتخاب مکمل طور پر میرٹ اور احتساب کے اصولوں کے مطابق کیا جائے گا، میئر کراچی نے کہا کہ یہ ترقیاتی منصوبے اس بات کا مظہر ہیں کہ ہم کراچی کو ایک جدید، متحرک اور شہری دوست شہر میں تبدیل کرنے کے لیے پرعزم ہیں، ایک ایسا شہر جس پر اس کے رہائشی حقیقی معنوں میں فخر محسوس کریں۔

جواب دیں

Back to top button