وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول کا دورہ کیا، انہوں نے صفائی اورکچرا اٹھانے کے مانیٹرنگ سسٹم کا معائنہ کیا اس موقع پر ایم ڈی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ طارق علی نظامانی نے انہیں صفائی آپریشن سے متعلق مکمل بریفنگ دی۔ وزیر بلدیات سندھ نے بعد ازاں اجلاس میں نجی، کمپنیزکو ہدایت کی کہ وہ صفائی کا معیار بہتر بنانے اور شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے کے لئے اپنے ریسورسس اور سینٹری ورکرز کی تعداد معاہدے کے مطابق تعینات کریں،اس سلسلے میں کسی غفلت کا مظاہرہ برداشت نہیں کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ ہماری ترجیح ہے کہ شہریوں کوآلودگی سے پاک ماحول فراہم کرسکیں۔

صفائی کے لئے پائیدار نظام، ری سائیکلنگ و دیگر اقدامات کے لئے حکمت عملی مرتب دیں، انہوں نے ایم ڈی سالڈ ویسٹ کو ہدایت کی کہ ایسا میکینزم بنائیں جس میں تمام ادارے آن بورڈ ہوں تاکہ جہاں کہیں بھی آپ کو کام میں رکاوٹ درپیش ہو اسے فوراً حل کیا جا سکے۔انہوں نے لینڈ فل سائٹس پر لیزرریڈر لگانے کی بھی ہدایت کی۔اجلاس میں تمام اضلاع میں کام کرنے والی نجی کمپنیز کے عہدیداران اور سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے عہدیداران نے شرکت کی۔رزیر بلدیات نے مزید ہدایت کی کہ شہید بے نظیرآباد اور میرپورخاص میں جلد کام کا آغازکیا جائے۔ انہوں نے ایم ڈی سالڈ ویسٹ کی بریفنگ کے دوران نشاندہی کرنے پر کراچی، سکھراور حیدرآباد کے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو فون کرکے لینڈ فل سائٹ اوردیگر امور کو انجام دینے میں درپیش مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کو ویسٹ مینجمنٹ کے سلسلے میں جو بھی مسائل درپیش ہیں اسکا فوری حل نکالیں تاکہ صفائی کا کام متاثر نہ ہو۔






