بلدیہ عظمیٰ کراچی کی کونسل کا عام اجلاس ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مرادکی زیر صدارت منعقد،20 قراردادیں منظور

بلدیہ عظمیٰ کراچی کی کونسل کا عام اجلاس ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد کی زیر صدارت جمعہ کے روز سٹی کونسل ہال میں منعقد ہوا، اجلاس میں مجموعی طور پر 20 قراردادیں منظور کی گئیں جن میں سے 8 قراردادیں اتفاق رائے سے جبکہ 12 قراردادیں کثرت رائے سے منظور ہوئیں جبکہ ایک قرارداد کو آئندہ اجلاس تک کے لئے موخر کردیا گیا، تفصیلات کے مطابق کے ایم سی کونسل کے اجلاس کے آغاز پر سابق اسپیکر سندھ اسمبلی اور پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما آغا سراج درانی کے انتقال پر تعزیتی قرارداد پیش کی گئی جس میں دلی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور ان کے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے، اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر جمن دروان نے کہا کہ آغاز سراج درانی ایک بہادر انسان اور پارٹی سے مخلص رہنما تھے جنہوں نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی اور مختلف پارلیمانی عہدوں پر فائز رہتے ہوئے جمہوریت کے استحکام کے لئے بھرپور کردار ادا کیا، اجلاس میں متفقہ طور پر منظور کی گئی اگلی قرارداد کے ذریعے کشمیر پر بھارت کے غصبانہ قصبے کی بھرپور مذمت اور کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ مسئلہ کشمیر کا سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل نکالا جائے، قرارداد پر پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی اور اپوزیشن لیڈر سیف الدین ایڈوکیٹ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ 27 اکتوبر سیاہ ترین دن تھا جب بھارت نے کشمیر پر غصبانہ قبضہ کیا، پاکستانی عوام کشمیریوں کے جدوجہد آزادی میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور پوری قوم کا مسئلہ کشمیر پر یکساں موقف ہے،

اگلی قرارداد ذوالفقار آباد آئل ٹینکرز پارکنگ ٹرمینل کے لے آؤٹ پلان میں 50 ایکڑ اراضی کے اضافے اور نئی نظر ثانی شدہ منصوبہ بندی کی منظوری کے متعلق تھی جسے کثرت رائے سے منظور کیا گیا، فاروق خاصخیلی، نجمی عالم، مراد محمد اور دیگر ممبران نے اظہار خیال کیا اور شہر کے لئے اس منصوبے کی افادیت اور اہمیت پر روشنی ڈالی، کثرت رائے سے منظور کی گئیں دیگر قراردادوں کے ذریعے ایوان نے محکمہ اسٹیٹ اینڈ اکوموڈیشن کے ایم سی کے ضمنی قوانین سے متعلق سفارشات کی منظوری عطا کی جبکہ دیگر قراردادوں کے ذریعے گولیمار چورنگی پر واقع انڈرپاس کو جناب قادر بخش بکک مرحوم کی بلدیات کے حوالے سے گرانقدر خدمات پر ان کے نام سے منسوب کرنے، پاکستان پیپلزپارٹی کے شہید رہنما واجہ کریم داد کی خدمات کو سراہتے ہوئے لیاری فیملی پارک کا نام شہید واجہ کریم داد کے نام سے منسوب کرنے اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لئے کراچی کی تمام چھوٹی بڑی سڑکوں، پارکوں، اسکولوں، اسپتالوں اور تفریحی مقامات پر فوری طور پر شجر کاری مہم کا آغاز کرنے کا مطالبہ کیا گیا، اتفاق رائے سے منظور کی جانے والی قرارداد کے ذریعے کونسل نے پلاٹ نمبر 108 شیٹ نمبر K-28 منگھو پیر روڈ (گٹر باغیچہ) پر بس ڈپو بنام کے ایم سی جنرل بس اسٹینڈ کے قیام اور اسے مستقل بنیادوں پر فعال رکھنے و بشمول مرمت و دیکھ بھال کی ذمہ داری ”دی سلک روٹ ٹرانسپورٹ کمپنی“ کو 10 سالہ معاہدے پر دینے کی منظوری عطا کی، اگلی قرارداد میں جسے اتفاق رائے سے منظور کیا گیا پلاٹ نمبرST-13 سیکٹر15،16 (گلستان مزدور) خالصتاً تعلیمی مقاصد کی فراہمی کے لئے دی سٹیزنز فاؤنڈیشن کو سالانہ کرایہ داری کی بنیاد پر پرائمری و سیکنڈری اسکول کے قیام و تعمیر کے لئے دینے سے متعلق تھی، ایوان میں کثرت رائے سے منظور کی جانے والی دیگر قراردادوں میں جہانگیر روڈ کی امپروومنٹ / بحالی سمیت گرومندر سے تین ہٹی تک برساتی نالے کی بحالی کے پلان کی منظوری کے علاوہ ناتھا خان برج گریڈ اینڈ لنک روڈ شارع فیصل سے حبیب یونیورسٹی تک سڑک اور نالہ کلورٹ کی تعمیر، لینڈ یوٹیلائزیشن پلان برائے خلیل آباد اور بلال آباد، فائربریگیڈ اور یو ایس اے آر ڈپارٹمنٹ کے ایم سی میں چیف فائر آفیسر، ٹیم لیڈر / کمانڈر اور ڈپٹی چیف فائر آفیسر کی آسامیوں کی اپ گریڈیشن اور طریقہ تقرری میں ترمیم، محکمہ فائربریگیڈ کے ایم سی کے آپریشنل اسٹاف کی آسامیوں کو اپ گریڈ کرنے سے متعلق سفارشات، کریم آباد انڈرپاس کی تعمیر میں ذاتی دلچسپی اور مستقل کوششوں کے اعتراف میں اس منصوبے کو ڈاکٹر عاصم حسین انڈرپاس کے طور پر موسوم کرنے اور افتتاحی تقریب میں ڈاکٹر عاصم حسین اور ان کے نمائندے کو مدعو کرکے عوامی سطح پر خراج تحسین پیش کرنے اور خالد بن ولید روڈ پر واقع اوور ہیڈ برج کو پاکستان پیپلزپارٹی ڈسٹرکٹ ملیر کے سابق صدر اور بن قاسم ٹاؤن کے سابق ناظم جناب محمد عمر جت مرحوم سے موسوم کرنے کی قرارداد شامل تھی،اجلاس میں اتفاق رائے سے مزید تین قراردادیں منظور کی گئیں جن میں سے ایک میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ کرن اسپتال روڈ اور اسپارکو روڈ کو بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیر انتظام کیا جائے تاکہ یونیورسٹی روڈ پر ریڈ لائن منصوبے کی وجہ سے اس روٹ کو استعمال کرنے والے شہریوں کی شکایات کا ازالہ کیا جائے اور ان سڑکوں کی مناسب دیکھ بھال یقینی بنائی جاسکے، نیز کرن اسپتال روڈ کو محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدر خان کے نام سے منسوب کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا، دوسری قرارداد کے ذریعے کراچی میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر ای چالان کے ذریعے بھاری جرمانوں پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے سندھ حکومت سے اس نوٹیفکیشن کو واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا، اگلی قرارداد میں ایوان نے طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف عوامی احتجاج میں شرکت کرنے پر یوسی چیئرمین نعمان حمید کی گرفتاری اور ان کے خلاف جھوٹی ایف آئی آر درج کرنے کی سخت الفاظ میں مذمت کرنے پر مطالبہ کیا گیا کہ متعلقہ پولیس افسران کے خلاف محکمانہ و قانونی کارروائی کی جائے، اجلاس کے دوران جن ممبران نے اظہار خیال کیا ان میں نعمان الیاس، پارلیمانی لیڈر پی ٹی آئی مبشر احمد،سعد احمد،نجمی عالم،جنید مکاتی، منیر خٹک، موسیٰ مینگل اور دیگر شامل تھے۔

جواب دیں

Back to top button