*محکمہ ہاؤسنگ پنجاب اور سینٹر آف ایکسیلینس ان واٹر ریسورسز انجینئرنگ کے مابین معاہدہ*

محکمہ ہاؤسنگ پنجاب اور سینٹر آف ایکسیلینس اِن واٹر ریسورسز انجینئرنگ کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ معاہدے کے تحت طلباء کو فیلڈ ٹریننگ، انٹرن شپ پروگرامز اور ریسرچ کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ترجمان کے مطابق معاہدہ نہ صرف طلباء کی پیشہ ورانہ تربیت کے فروغ میں مددگار ثابت ہوگا بلکہ محکمے کے زیرِ انتظام اداروں کے افسران و عملے کی استعدادِ کار میں بھی اضافہ کرے گا۔ اس شراکت سے تعلیمی اور صنعتی شعبوں کے درمیان موجود خلاء کو پُر کرنے میں مدد ملے گی۔تقریب کا انعقاد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور میں کیا گیا، جہاں سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل اور ڈائریکٹر سی ای ڈبلیو آر ای نے معاہدے پر دستخط کیے۔معاہدے کے تحت واسا ایجنسیوں، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور الجزاری واٹر اینڈ سینی ٹیشن اکیڈمی کے افسران اور اہلکار اپنی پیشہ ورانہ تعلیم اور ریسرچ کے لیے سینٹر آف ایکسیلینس ان واٹر ریسورسز سے استفادہ حاصل کر سکیں گے۔سیکرٹری ہاؤسنگ کے مطابق نوجوان طلباء جدید آئیڈیاز کے ذریعے ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق طلباء کو عملی مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ وہ جدید انجینئرنگ حلوں کے ذریعے وسائل کی بچت اور اربن فلڈنگ کے تدارک میں مددگار بن سکیں۔ترجمان کے مطابق پنجاب میں بڑے پیمانے پر ترقیاتی منصوبوں کا آغاز ہو چکا ہے اور یہ معاہدہ اُن منصوبوں کی ٹیکنیکل بنیادوں کو مزید مضبوط بنائے گا۔تقریب میں پروفیسر ڈاکٹر عتیق الرحمان، پروفیسر ڈاکٹر اسد مجید ، پرنسپل الجزاری اکیڈمی صومان سندھو اور ڈپٹی سیکرٹری سپیشل انیشیٹو ولید بیگ سمیت متعدد اساتذہ اور افسران نے شرکت کی۔ڈائریکٹر سی ای ڈبلیو آر ای نے اس معاہدے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ انٹرن شپ پروگرامز اور ریسرچ کولیبوریشن طلباء میں خود اعتمادی پیدا کریں گے اور اُنہیں عملی تجربہ فراہم کریں گے۔

جواب دیں

Back to top button