اسلام آباد میں سموگ کے تدارک و ماحولیاتی تحفظ کیلئے اے ڈی بی اور سی ڈی اے کے مابین تعاون کو مزید فروغ دینے کے حوالے سے اتفاق

چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی اسلام آباد میں سموگ کے تدارک و ماحولیاتی تحفظ و بہتری کے حوالے سے پیر کے روز سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں اے ڈی بی (ADB) کے وفد سے ملاقات ہوئی۔ اے ڈی بی کے وفد میں سنئیر فنانشل سیکٹر اکانومسٹ اینڈریو میکارٹنی (Andrew McCartney) اور اے ڈی بی کی اربن ٹیم نے شرکت کی۔ ملاقات میں اسلام آباد میں سموگ کے تدارک، فضائی آلودگی کے خاتمے اور ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں سی ڈی اے بورڈ کے ممبر ایڈمن طلعت محمود، ممبر انوائرمنٹ اسفندیار بلوچ، ممبر پلاننگ و ڈیزائن ڈاکٹر خالد حفیظ، ڈائریکٹر جنرل ریسورس شکیل احمد سمیت سی ڈی اے کے دیگر سنئیر افسران نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ اسلام آباد میں سموگ اور فضائی آلودگی میں کمی سمیت ماحولیاتی تحفظ اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس حوالے سے پالیسی اقدامات سمیت مختلف ماحول دوست پراجیکٹس پر کام کیا جارہا ہے۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ سی ڈی اے نے اپنی ای وی (EV) پالیسی میں نیشل انرجی ایفشنسی اینڈ کنزرویشن اتھارٹی (NECA) کی ریگولیشنز کو اپنا لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں الیکٹرک گاڑیوں اور چارجنگ اسٹیشنز کے قیام کو فروغ دینے کیلئے بھرپور اقدامات کئے جارہے ہیں۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ سی ڈی اے نے ماحول دوست 160 الیکٹرک فیڈر بسوں کو اپنے وسائل سے اسلام آباد میں متعارف کروایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ سیکٹر میں فضائی آلودگی کو کنٹرول کرنے کیلئے گاڑیوں کے کاربن اخراج کے ٹیسٹ کئے جارہے ہیں. مستند ایئر کوالٹی انڈیکس کے حوالے سے اسلام آباد میں مزید مانیٹرنگ اسٹیشنز کی تنصیب پر کام کیا جارہا ہے۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ اسلام آباد شہر میں فضائی آلودگی پھیلانے والے عوامل میں شامل کوڑے کرکٹ کیلئے جدید سالڈ ویسٹ مینجمنٹ منصوبے متعارف کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے اسلام آباد میں سائنٹیفک لینڈ فل سائٹ کے قیام کے حوالے سے فیزیبلٹی سٹڈی کا آغاز کیا جا جا رہا ہے۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ اسلام آباد میں ماحول دوست منصوبے میں کاربن کریڈٹ کے حصول کو ممکن بنانے کیلئے مختلف پراجیکٹس زیر غور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں کاربن کریڈٹ کے حصول کیلئے گرین فنانسنگ کو ممکن بنانے کیلئے اے ڈی بی اپنی معاونت فراہم کر سکتا ہے۔اے ڈی بی کے وفد نے کہا کہ اے ڈی بی اپنی مشاورت کے عمل کو مکمل کرکے مختلف ماحول دوست اقدامات کے حوالے سے اپنی تکنیکی معاونت فراہم کرے گا۔ وفد نے مزید کہا کہ اے ڈی بی اسلام آباد کے پہلے ٹرانسپورٹ ماسٹر پلان کی تیاری اور انٹر سٹی بس ٹرمینلز منصوبے میں اپنی تیکنیکی معاونت فراہم کر رہا ہے۔ملاقات میں سموگ کے تدارک و ماحولیاتی تحفظ کیلئے اے ڈی بی اور سی ڈی اے کے مابین تعاون کو مزید فروغ دینے کے حوالے سے اتفاق کیا گیا۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد اسلام آباد میں فضائی آلودگی کو کنٹرول کرنا اور شہریوں کو صحت مند اور اعلیٰ معیار زندگی کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اے ڈی بی اور سی ڈی اے کی شراکت داری سے نہ صرف اسلام آباد کا ماحولیاتی معیار بہتر ہوگا بلکہ یہ شہر پورے پاکستان کیلئے پائیدار ترقی کا بہترین نمونہ بھی بن سکے گا۔

جواب دیں

Back to top button