ستھرا پنجاب پروگرام،چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان کا ڈپٹی کمشنرز کویونین کونسل کی سطح پر نگرانی، فیڈ بیک کا موثر نظام وضع کرنے کا حکم

چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ ستھرا پنجاب پروگرام کی مکمل مانیٹرنگ کی جائے اور یونین کونسل کی سطح پر نگرانی اور فیڈ بیک کا موثر نظام وضع کیا جائے۔

انہوں نے یہ ہدایت آج یہاں سول سیکرٹریٹ میں ڈویژنل کمشنرز اورڈپٹی کمشنرز کے ویڈیو لنک اجلاس کے دوران جاری کی۔ اجلاس میں تمام اضلاع میں ستھرا پنجاب پروگرام پر عملدرآمد، عملہ،مشینری کی دستیابی اور چیلنجز کا جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری بلدیات اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

چیف سیکرٹری نے حکم دیا کہ عید الفطر کے موقع پر صفائی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں اور کنٹریکٹرز کو سینٹری ورکرز کی تنخواہ عید سے قبل ادا کرنیکا پابند کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق پروگرام پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا، پہلی دفعہ شہری اور دیہی علاقوں میں صفائی کا یکساں نظام متعارف کرایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زیرو ویسٹ کا ہدف حاصل کرنے کیلئے صفائی کا کام نجی شعبے کے سپرد کیا گیا ہے۔

سیکرٹری بلدیات شکیل احمد میاں نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کی مانیٹرنگ کیلئے ڈیش بورڈ قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام کے تحت صوبہ میں ایک لاکھ سے زائد سینٹری ورکرز کو صفائی کے کام پر مامور کیا گیا ہے اور اب تک 27لاکھ21ہزار ٹن کوڑااٹھایا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 13سو ویسٹ انکلوژر، 88 لینڈ فل سائٹس قائم کی گئی ہیں جبکہ صفائی سے متعلق 20ہزار شکایات کا ازالہ کیا گیا ہے۔

جواب دیں

Back to top button