برٹش کونسل اور ہائیر، ٹیکنیکل اینڈ اسپیشل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ گلگت بلتستان کے درمیان برٹش کونسل کے ہیڈ آفس اسلام آباد میں مفاہمت کی یادداشت (MoU) پر دستخط ہوئے۔ ہائیر ایجوکیشن گلگت بلتستان کی نمائندگی سیکریٹری فرید احمد نے کی جبکہ ان کے ہمراہ ڈائریکٹر ٹیکنیکل اینڈ اسپیشل ایجوکیشن گلگت بلتستان پروفیسر اویس احمد بھی تھے۔

اس اہم MoU کے تحت ڈیپارٹمنٹ آف ہائیر، ٹیکنیکل اینڈ اسپیشل ایجوکیشن گلگت بلتستان کے ذیلی ادارہ گورنمنٹ پولی ٹیکنیک انسٹیٹیوٹ، سکردو میں ایک سینٹر آف ایکسیلنس (سپوک) اور قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی گلگت میں ایک سینٹر آف ایکسیلنس (سپوک) قائم کیا جا رہا ہے۔ اس تقریب میں کے آئی یو کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے بھی شرکت کی۔ ان دو سینیٹرز کے علاوہ اس نوعیت کے دو اور سینیٹرز مالا کنڈ اور ڈی آئی خان میں بھی قائم کیے جا رہے ہیں۔ ان سینیٹرز کا ہب معروف تعلیمی و تربیتی ادارہ IM Sciences University پشاور ہو گا۔ تقریب میں اس یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور TEVTA KPK کے ایم ڈی نے بھی شرکت فرمائی۔گلگت بلتستان کابینہ نے مذکورہ MoU کی منظوری ایک سال پہلے دی تھی۔ کچھ ناگزیر وجوہات کے باعث یہ عمل تاخیر کا شکار ہوا اور اب یہ باضابط عمل پزیر ہوا۔اس پروجیکٹ کے تحت گلگت بلتستان کے دونوں سینٹر آف ایکسیلنسس (سپوکس) کو آئی ٹی کے جدید آلات، مشینیں اور تربیت کے لیے درکار ضروری مواد فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ عصری تقاضوں اور بہترین روزگار کے مواقعے فراہم کرنے والی جدید ٹریننگ فراہم کی جائے گی۔ جس سے نوجوان بالخصوص فی میلز بھرپور انداز میں مستفید ہونگی اور روزگار اور خودمختاری سے اپنا اور اپنے اہلخانہ کا معیارِ زندگی بلند کرنے سمیت معاشرے کے کارآمد شہری بنیں گی۔چیلاس میں اسی طرز کے ایک اور سینٹر کے قیام کا قوی امکان ہے۔ جس کے لیے کاوشیں بروئے کار لائی جا رہی ہیں۔






