گلگت بلتستان میں ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی و منظوری کے لیے جدید آئی ٹی بیسڈ سافٹ ویئر متعارف

محکمہ مواصلات و تعمیرات (C&W) گلگت بلتستان کے سیکرٹری سبطین احمد کی زیر صدارت اپنی نوعیت کا پہلا "انٹیلیجنٹ پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ (IPAD) سافٹ ویئر”کے تحت اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں محکمہ مواصلات و تعمیرات کے تمام ڈویژنل چیف انجینئرز، ایگزیکٹو انجینئرز کے علاوہ محکمہ پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ، چیف منسٹر اسپیکشن ٹیم ، محکمہ ماحولیات (EPA) اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران گلگت بلتستان کی مجوزہ 42 ترقیاتی اسکیموں پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا اور ان کی منظوری دینے کا جائزہ لیا گیا۔آئی پیڈز ایک جدید آئی ٹی بیسڈ سافٹ ویئر ہے جس کے ذریعے تمام ترقیاتی اسکیموں کی مکمل تفصیلات، ورکنگ پیپرز، فنڈز کی ریلیز کی صورتِ حال، PC-1 کی معلومات اور دیگر ضروری دستاویزات صرف ایک کلک پر دستیاب ہو جاتی ہیں۔ اس سافٹ ویئر کے نفاذ سے منصوبوں کی نگرانی، عمل درآمد اور جانچ پڑتال کے عمل میں نمایاں بہتری آئے گی اور شفافیت کو مزید یقینی بنایا جا سکے گا۔سیکرٹری C&W نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ افسران فوری طور پر اس سافٹ ویئر پر مکمل ڈیٹا اپ لوڈ کریں تاکہ تمام ترقیاتی منصوبوں کی ریئل ٹائم مانیٹرنگ ممکن ہو سکے۔ انہوں نے اس اقدام کو گلگت بلتستان میں ترقیاتی عمل کو شفاف، تیز اور موثر بنانے کی جانب ایک انقلابی قدم قرار دیا۔

صوبائی حکومت گلگت بلتستان جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

جواب دیں

Back to top button