نگران حکومت میں قومی وسائل کاتحفظ یقینی بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی،نگران وزیر اعلٰی گلگت بلتستان جسٹس ریٹائرڈ یار محمد

نگران وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان جسٹس (ر) یار محمد نے محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن اور کیبنٹ کی جانب سے دیئے جانے والی بریفنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نگران حکومت میں قومی وسائل کاتحفظ یقینی بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ کفایت شعاری اور سادگی کو یقینی بنائیں گے۔ قومی وسائل کا تحفظ اور صحیح استعمال ہم سب کی اولین ذمہ داری ہے۔ میرٹ، گڈ گورننس اور وسائل کے صحیح استعمال کیلئے درست سمت کا تعین کریں گے۔ گڈ گورننس کو یقینی بنانے اور عوام کے مسائل جلد حل کرنے کے حوالے سے سرکاری دفاتر میں ‘E’ آفس کا نفاذخوش آئند ہے۔ بتدریج اس کو تمام دفاتر تک وسعت دی جائے۔ ‘E’ آفس کے ذریعے شفافیت اور گورننس میں بہتری آئے گی۔ نگران وزیر اعلیٰ نے کہاکہ ایمانداری اور وسائل کے درست استعمال کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔ ایف پی ایس سی کے تحت گلگت بلتستان میں آفیسران کی آسامیوں کا مشتہر اور بھرتیوں کا عمل تیز ہونا خوش آئند ہے۔ چیئرمین ایف پی ایس سی سے ملاقات میں محکمہ سروسز کی جانب سے ایف پی ایس سی کو بجھوانے والے تمام آسامیوں کو جلد مشتہر کرنے کی سفارش کی جائے گی۔ نگران وزیر اعلیٰ نے صوبائی سیکریٹری سروسز کو ہدایت کی کہ تمام محکموں کے رولز کو ترجیحی بنیادوں پر حتمی شکل دیں۔ گلگت بلتستان ٹیسٹنگ سروس کا قیام شفافیت اور اہل ملازمین کی بھرتیوں کیلئے صوبائی حکومت کا احسن اقدام ہے۔ نگران حکومت میرٹ کی بالادستی،شفافیت سمیت گڈ گورننس اور کفایت شعاری کو یقینی بنانے کی حوصلہ افزائی کرے گی۔ گلگت بلتستان کے ملازمین کا بینولینٹ فنڈ اینڈ گروپ انشورنس کا شیئر وفاقی حکومت سے صوبے کو منتقل کرنے کیلئے وزیر اعظم پاکستان سے سفارش کی جائے گی۔اس موقع پر نگران وزیر اعلیٰ کو صوبائی سیکریٹری سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن عثمان احمد نے محکمے کی کارکردگی اور صوبے میں شفافیت سمیت گڈگورننس کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

جواب دیں

Back to top button