ضلع ہنزہ میں بجلی کے بحران کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کیلئے این پاک انرجی کا ہنزہ میں کام شروع کرنا سنگ میل ثابت ہوگا،حاجی گلبر خان

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے حکومت گلگت بلتستان اور این پاک انرجی کے مابین ضلع ہنزہ میں بجلی کی پیداوار اور ترسیل کے نظام کی منتقلی اور نئے بجلی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کیلئے کئے جانے والے باہمی معاہدے پر دستخط کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلع ہنزہ میں بجلی کے بحران کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کیلئے این پاک انرجی کا ہنزہ میں کام شروع کرنا سنگ میل ثابت ہوگا۔ امید ہے این پاک انرجی رن آف دی ریور منصوبوں کی تعمیر، ترسیل کے نظام کی بہتری اور معاہدے کے تحت متعین ٹیرف کو یقینی بنائے گا۔ پائلٹ پروجیکٹ کے تحت پہلے مرحلے میں ضلع ہنزہ میں این پاک انرجی کی کامیابی اور کارکردگی کے بعد این پاک انرجی کے دائرہ کار کو دیگر اضلاع تک وسعت دینے پر غور کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ این پاک انرجی ضلع ہنزہ میں انرجی ماسٹر پلان کے تحت رن آف دی ریور پاور پروجیکٹس پر خصوصی توجہ دے گا۔ صوبائی حکومت کی توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور بجلی بحران کے مستقل حل کیلئے ایک اہم سنگ میل عبور کرلیا۔ حکومت گلگت بلتستان اور این پاک انرجی کے درمیان ایک اہم معاہدے پر دستخط کیے گئے، جس کا مقصد خطے میں بجلی کی فراہمی کو بہتر بنانا اور مقامی سطح پر پائیدار توانائی کے منصوبوں کو فروغ دینا ہے۔وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے اس اہم پیش رفت پر سیکریٹری واٹر اینڈ پاور صفدر خان کی کوششوں کو سراہا۔ ایڈیشنل چیف سیکریٹری نے اس معاہدے کو صوبے کیلئے نہایت خوش آئند قرار دیا۔اس موقع پر چیف سیکریٹری گلگت بلتستان ابرار احمد مرزا، ایڈیشنل چیف سیکریٹری مشتاق احمد، سیکریٹری واٹر اینڈ پاور صفدر خان اور این پاک انرجی سمیت دیگر اداروں کے اعلیٰ حکام شریک تھے۔ این پاک کے ماہرین نے منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی۔این پاک انرجی کے سی ای او محمد عمران حلیم نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے یقینی دلایا کہ این پاک انرجی ضلع ہنزہ کے عوام کے وسیع مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے انرجی منصوبوں میں سرمایہ کاری کو فروغ دے گا، بجلی کے ترسیل اور پیداوار کے نظام کوموثر بناتے ہوئے ہنزہ سے بجلی بحران کا خاتمہ کرے گا۔

جواب دیں

Back to top button