میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شہر کے انفرااسٹرکچر، اسٹریٹ لائٹس، پلوں اور فلائی اوورز کی بہتری کے لیے جامع اقدامات تیزی سے جاری ہیں،کے ایم سی کی ٹیکس وصولی میں حالیہ بہتری کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے ہیں جبکہ کے الیکٹرک کے ذریعے ٹیکس کی وصولی سے آمدنی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، کراچی کی بنیادی ترجیحات میں صاف پانی کی فراہمی اور سیوریج سسٹم کی درستی شامل ہے جن کے لیے موثر حکمتِ عملی کے تحت عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں، یہ بات انہوں نے بدھ کے روز صدر دفتر بلدیہ عظمیٰ کراچی میں پولیس سروس 52ویں اسپیشلائزڈ ٹریننگ پروگرام/28ویں انیشل کمانڈ کورس کے شرکاء پر مشتمل وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی

، اس موقع پر میونسپل کمشنر ایس ایم افضل زیدی، مشیرِ مالیات گلزار ابڑو، سینئر ڈائریکٹر کوآرڈینیشن اخلاق یوسف زئی سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے، میئر کراچی نے وفد کوخوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ کے ایم سی شہر میں بلدیاتی خدمات کی فراہمی کا مرکزی ادارہ ہے جبکہ واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ بھی میئر کے انتظامی کنٹرول میں ہیں جس سے شہر میں ترقیاتی عمل میں تیزی آئی ہے، انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے بھرپور تعاون سے شہر بھر میں ترقیاتی منصوبوں کا پورا نیٹ ورک قائم کر دیا گیا ہے اور مزید ترقیاتی منصوبے جلد عوام کے سامنے لائے جا رہے ہیں جن کے ثمرات براہِ راست شہریوں تک پہنچیں گے، انہوں نے وفد کو کے ایم سی کی کارکردگی، محکموں کی ذمہ داریوں اور شہریوں کے مسائل کے بروقت حل کے لیے جاری کوششوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی، بعد ازاں وفد نے کے ایم سی کی تاریخی عمارت، کونسل ہال اور چھت پر قائم قدیم کلاک ٹاور کا معائنہ کیا، وفد کے ارکان نے اپنے دورے کو انتہائی معلوماتی اور فائدہ مند قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں کے ایم سی کی کارکردگی، نظامِ کار اور ذمہ داریوں کے بارے میں اہم معلومات حاصل ہوئی ہیں۔






