پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ نے مالی سال 2025-26 کے صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی کے 44 ویں اجلاس میں مختلف سیکٹرز کی ترقیاتی سکیموں کے لئے 25 ارب روپے کے فنڈز کی منظوری دے دی گئی ۔

اجلاس کی صدارت قائم مقام چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ بورڈ پنجاب رفاقت علی نے کی۔اجلاس میں جن منصوبوں کی منظوری دی گئی ان میں ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ غازی خان میں مدر اینڈ چائیلڈ بلاک کی تعمیر کے لیے 6 ارب 7 کروڑ , راولپنڈی میں چلڈرن ہسپتال کے قیام کے لیے 8 ارب 50 کروڑ ، بہاولپور وکٹوریہ ہسپتال میں برن یونٹ کے قیام کے لیے 2 ارب ، شیخ زاید ہسپتال رحیم یار خان میں برن یونٹ کے قیام کے لیے 2 ارب ، نارووال میڈیکل کالج کی تعمیر کے لیے 6 ارب کے فنڈز کی منظوری دی گئی ۔ صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی اجلاس میں آر ٹی آئی فیصل اباد کی سکول آف نرسنگ اینڈ مڈ وائفری اپگریڈیشن ، آر ٹی آئی لاہور کی سکول اف نرسنگ اینڈ مڈ وائیفری اپ گریڈیشن ، آر ٹی آئی ملتان کی سکول اف نرسنگ اینڈ مڈ وائفری کے لیے اپ گریڈیشن ، مریم نواز ہیلتھ کلینکس کے ذریعے کمیونٹی امپاورمنٹ اینڈ سٹرینتھنگ اف ہیلتھ کیئر ، پنجاب کے مختلف فزیکل ریہیبلیٹیشن سینٹرز ، آر ٹی آئی ساہیوال کی سکول اف نرسنگ اینڈ مڈ وائفری اپگریڈیشن ، ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ میں پروکیورمنٹ اف وہیکلز اینڈ پے پیکج اور انٹیگریٹڈ کریمنل جسٹس سسٹم پروجیکٹ کے پوزیشن پیپرز کی منظوری بھی دی گئی۔

صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی کے 44ویں اجلاس میں چیف اکانومسٹ مسعود انور ، ممبران پی اینڈ ڈی بورڈ اور متعلقہ سیکٹرز کے افسران بھی شریک ہوئے۔






