حکومت سندھ کا تمام محکموں کی پروکیورمنٹ اور حکومتی کام ای ٹینڈرنگ کے ذریعے کرنے کا فیصلہ

*سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ حکومت سندھ نے تمام محکموں کی پروکیورمنٹ اور حکومتی کام ای ٹینڈرنگ کے ذریعے کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے اس پالیسی کا اعلان کر دیا ہے۔ اب سندھ بھر میں پبلک پروکیورمنٹ اور سرکاری ٹینڈرز، جن اداروں کو استثنا حاصل تھا، اب تمام استثنا ختم کر دیئے گئے ہیں اب تمام پروکیورمنٹ اور سرکاری ٹینڈرز صرف ای ٹینڈرز کے ذریعے ہوں گے۔*

*سندھ اسمبلی میڈیا کارنر پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ای پیڈ اور ای ٹینڈرنگ کے ذریعے تمام سرکاری محکموں میں شفافیت کو مزید فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کی ترقی کا فائدہ اٹھانا چاہیے اور ایسے تمام راستے بند کرنے ہوں گے جن سے کسی بھی قسم کی بدعنوانی کا امکان ہو۔ حکومت سندھ نے فیصلہ کیا ہے کہ سندھ بھر کے تمام محکموں میں پروکیورمنٹ صرف اور صرف ای ٹینڈرنگ اور ای پیڈ کے ذریعے ہوگی۔*

*انہوں نے مزید کہا کہ اس سے شفافیت بڑھے گی، عوام کے پیسے بچیں گے اور بدعنوانیوں کو روکنے میں مدد ملے گی۔ حکومت کا یہ فیصلہ فوری طور پر نافذ العمل ہے اور آج کے بعد تمام ٹینڈرز ای ٹینڈرز کے ذریعے ہوں گے۔*ایک سوال کے جواب میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ اگر اس وقت عمران خان کے خاندان کے لوگ بھارتی میڈیا کو انٹرویو دے رہے ہیں اور پاکستان کے خلاف سازشوں کا حصہ بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے ناکام عزائم ہمیشہ پاکستان کے خلاف رہے ہیں اور جنگ میں پاک افواج نے بھارت کو عبرتناک شکست دی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے لوگ بھارتی میڈیا کے ذریعے پروپیگنڈہ مہمات چلا رہے ہیں، لیکن پاکستان پیپلز پارٹی جمہوری روایت کو برقرار رکھنے کی خواہاں ہے اور چاہتی ہے کہ کوئی جماعت ریڈ لائن کراس نہ کرے۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے مارشل لاز کا مقابلہ کیا اور پارٹی قیادت نے جمہوریت کے لیے قربانیاں دیں۔ بانی پی ٹی آئی کی جماعت نے کبھی مارشل لاز کا سامنا نہیں کیا، انہیں کبھی سخت سزائیں نہیں ملیں، لیکن پیپلز پارٹی کے کارکنان نے ملک کے خلاف سازشوں کے بغیر مشکلات برداشت کیں۔ انہوں نے کہاکہ شہید بھٹو کا عدالتی قتل کیا گیا، شہید بی بی کو شہادت اور بغیر کسی جرم کے صدر آصف علی زرداری کو بارہ سال قید میں رکھا گیا، ہم نے سب سے زیادہ ظلم سہے لیکن ہم نے کبھی ملک اور ملکی اداروں کے خلاف سازشیں نہیں کی۔ اگر کوئی شخص اپنے ملک اور اداروں کے خلاف غیر ملکی ہینڈلرز یا میڈیا کے ذریعے حرکت کرتا ہے تو ہم اس کی مذمت کریں گے۔ایک سوال کے جواب میں سینئر وزیر نے کہا کہ ہر انسانی جان قیمتی ہے۔ کراچی میں نیپا چورنگی پر ہونے والا واقعہ دلخراش اور افسوسناک تھا۔ غلطی یا کوتاہی جس کی بھی ہو، اسے سزا ملنی چاہیے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے فوری ایکشن لیتے ہوئے اس واقعے میں ملوث افراد کو معطل کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ کل ہم نے سب کو سندھی کلچر ڈے کی مبارکباد دی۔ سب کو اپنی ثقافت منانے کی آزادی حاصل ہے، لیکن قانون کو ہاتھ میں لینے کی کسی کو اجازت نہیں۔

جواب دیں

Back to top button