محکمہ بلدیات اور ذیلی اداروں میں ادارہ جاتی اصلاحات لا رہے ہیں،وزیر بلدیات خیبرپختونخوا ارشد ایوب

محکمہ بلدیات اور ذیلی اداروں میں ادارہ جاتی اصلاحات

صوبائی وزیر بلدیات ودیہی ترقی ارشد ایوب خان نے کہا ہے کہ محکمہ بلدیات اور ذیلی اداروں میں اصلاحات لا رہے ہیں، محکمے کو ڈیجیٹلائز کیا جارہا ہے، نئی لیز پالیسی کی منظوری دے دی ہے، کرپشن کا خاتمہ کر کے اداروں کو مضبوط کریں گے، اچھی کارکردگی کے حامل ملازمین کی حوصلہ افزائی اور خراب کارکردگی والوں کی اصلاح کریں گے۔

واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی) کے ملازمین میں نقد انعامات اور اسناد تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ سیکرٹری بلدیات محمد داؤد خان اور کمشنر پشاور وسی ای او ڈبلیو ایس ایس ریاض محسود نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ ڈپٹی کمشنر آفاق وزیر، ڈبلیو ایس ایس پی بورڈ ارکان اور مینجمنٹ حکام نے تقریب میں شرکت کی۔ صوبائی وزیر نے بہترین کارکردگی پر 52 ملازمین میں نقد انعامات اور 17 مینجمنٹ حکام میں اسناد تقسیم کیں اور ملازمین میں پانچ لاکھ 20 ہزار روپے تقسیم کئے گئے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پورے صوبے میں صفائی کی بہترین مہم چلائی گئی، پشاور میں ڈبلیو ایس ایس پی نے مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، حکومت صوبے کی سات سینی ٹیشن کمپنیوں کو سالانہ سات ارب روپے گرانٹ دے رہی ہے۔ نگران حکومت نے بنیادی خدمات کی فراہمی کے لئے ادائیگی روک دی تھی جس کی وجہ سے ڈبلیو ایس ایس پی اور دیگر اداروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تاہم وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کی دلچسپی سے ڈبلیو ایس ایس پی اور دیگر اداروں کو کافی بقایاجات ادا کر دیئے ہیں، دیگر بقایاجات بھی اگلے تین چار مہینوں میں اداکر دیئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مالی وسائل کے لئے ہمیشہ حکومت کی طرف دیکھنا ٹھیک نہیں ہے اداروں کو حکومتی گرانٹ پر انحصار کم کر کے اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے کے لئے ریونیو بڑھانا ہوگا۔ حکومت اصلاحات اور ریونیو بڑھانے کے لئے اداروں کو اختیارات دینے سمیت مختلف آپشنز پر غور کر رہی ہے، باہمی مشاورت سے اصلاحات اور شفافیت لائیں گے۔ کرپشن نے جڑیں کھوکھلی کر دی ہیں، اگر اسے کنٹرول نہیں کیا تو ادارے چل نہیں سکیں گے، کسی صورت کرپشن برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے اچھی کارکردگی پر ورکروں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ڈبلیو ایس ایس سیز اور ٹی ایم ایز کے اہلکار تاریخی اور مشکل فرائض انجام دے رہے ہیں۔ اداروں سے تعاون اور ملازمین کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رہے گا۔ سیکرٹری بلدیات داؤد خان نے کہا کہ ٹیم ورک کے نتیجے میں ڈبلیو ایس ایس پی نے عید الاضحی پر کامیاب صفائی مہم چلائی، جس کی حکومت سمیت ہر طبقہ زندگی نے تعریف کی ہے۔ میونسپل اداروں کا کام انتہائی اہمیت کا حامل ہے، حوصلہ افزائی سے ملازمین کا مورال بلند ہوگا، محکمہ بلدیات ڈبلیو ایس ایس پی سے تعاون جاری رکھے گا۔ کمشنر پشاور وسی ای او ڈبلیو ایس ایس پی ریاض محسود نے کہا کہ کارکردگی مزید بہتر بنائیں گے۔ عید الاضحی میں حکومت کے اعتماد پر پورا اترے، عملے نے بہترین کارکردگی دکھائی، اچھی کارکردگی پر ملازمین کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں، سزا وجزا کا آغاز کر دیا ہے۔ عیدالاضحی آپریشن میں غیر حاضری پر 297 ملازمین کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے اور ریونیو بڑھانے کے لئے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں۔ دستیاب وسائل کا بہترین استعمال کیا جارہا ہے، خدمات میں مزید بہتری لانے کے لئے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button