سیکرٹری بلدیات شکیل احمد میاں نے کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ پر جامع صفائی پلان پر موثرانداز میں عملدرآمد کیا جائے گا اور اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ ،ویسٹ مینجمنٹ کمپنیاں اور لوکل گورنمنٹس متحرک رہیں گی تاکہ قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو بروقت ٹھکانے لگا کر شہریوں کوتعفن سے پاک خوشگوار ماحول فراہم کیا جاسکے یہ بات سیکرٹری بلدیات شکیل احمد نے عیدالاضحیٰ کے حوالے سے قائم کنٹرول روم کا دورہ کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پرسپیشل سیکرٹری بلدیات آسیہ گُل ، ڈی جی لوکل گورنمنٹ طارق رحمانی اور سیکرٹری بورڈ رضوان نذیر بھی موجود تھے
سیکرٹری بلدیات شکیل احمد میاں نے عملے کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا 120 افسران اور ملازمین کا ڈیوٹی روسٹر جاری کر دیا گیا ہے تمام عملہ تندہی سے تنیوں روز اپنے فرائض سر انجام دے گا۔ کنٹرول روم میں آنے والی شکایات کو کم سے کم وقت میں حل کیا جائے گاانہوں نے کہا عیدالاضحیٰ صفائی آپریشن کے حوالے سے وزیر اعلٰی پنجاب کے ستھرا پنجاب ویژن کے تحت ٹھوس اورموثر حکمت عملی وضع کی گئی ہے جس پر کامیاب عملدرآمد کے لیے کوشاں ہیں اور کسی شکایت کے صورت 1198,واٹس ایپ نمبر،اور صوبائی کنٹرول روم کے نمبرز ،8شہروں میں ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کی ہیلپ لائن 1139 بھی مکمل طور پر فعال ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ عید سے ایک روز قبل تمام کمپنیاں اور مقامی حکومتیں مساجد اورعیدگاہوں میں صفائی کے غیر معمولی انتظامات کریں گی جبکہ اہم مقامات و مارکیٹوں میں زیرو ویسٹ آپریشن کیا جائے گا

سیکرٹری بورڈ رضوان نذیر نے کنٹرول روم کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ عید کی چھٹیوں کے دوران لوکل گورنمنٹ کا کنٹرول روم 24گھنٹے تین شفٹوں میں کام کرے گا پہلی شفٹ صبح 9 سے شام 5، دوسری شفٹ شام 5سے رات 1 جبکہ تیسری شفٹ رات 1سے صبح 9 بجے تک کام کرے گی۔ علاؤہ ازیں سنٹرل ڈیش بورڈ کی مدد سے صوبہ بھر میں جاری صفائی کے آپریشن کو مانیٹر کیا جائے گا





