بیت الحکمہ لائبریری، ہمدرد یونیورسٹی میں ایک شاندار تصویری نمائش کا انعقاد کیا گیا، جس میں تحریکِ پاکستان کی تاریخی جدوجہد کو تصویری انداز میں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ اس تقریب کا انعقاد ادارہ نظریہ پاکستان فاؤنڈیشن کے اشتراک سے کیا گیا، جس نے طلبہ کو تاریخ کے در سے جوڑنے کا نادر موقع فراہم کیا۔نمائش کا باقاعدہ افتتاح پروفیسر ڈاکٹر انجینئر ایم عامر سلیم (ڈین، فیکلٹی آف انجینئرنگ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی) نے کیا۔ اس موقع پر ہمدرد یونیورسٹی اور ہمدرد پبلک اسکول کے سینکڑوں طلبہ شریک ہوئے۔ ادارہ نظریہ پاکستان کے سینئر نمائندہ پروفیسر زاہد جاوید نے طلبہ کی رہنمائی کرتے ہوئے ہر تصویر کے پس منظر میں چھپے تاریخی واقعات پر روشنی ڈالی۔

نمائش میں آل انڈیا مسلم لیگ کے 1906ء میں قیام سے لے کر قائداعظم محمد علی جناح کی گول میز کانفرنسز میں شرکت، اگست 1947 میں بطور گورنر جنرل حلف برداری، اور پہلی آئین ساز اسمبلی سے تاریخی خطاب جیسے مناظر کو بڑے سائز کی نایاب تصاویر میں پیش کیا گیا۔ خواتین اور نوجوانوں کے کردار کو بھی نمایاں کیا گیا، جو تحریکِ آزادی کا اہم پہلو رہا ہے۔نمائش کے ساتھ قائم کتابی اسٹال نے طلبہ کو تاریخی کتابوں سے روشناس کراتے ہوئے مطالعے کے رجحان کو فروغ دیا۔ طلبہ نے نمائش میں غیر معمولی دلچسپی کا مظاہرہ کیا اور آزادی کی بصری داستان سے گہرے طور پر جڑتے دکھائی دیے۔ایسے علمی اور ثقافتی اقدامات نہ صرف ہماری قومی تاریخ کو محفوظ رکھنے میں مددگار ہوتے ہیں بلکہ نئی نسل کو وطنِ عزیز کی بنیادوں میں پوشیدہ قربانیوں اور خوابوں کی قدر کرنے کی ترغیب بھی دیتے ہیں۔






