لاہور (مہر عبدالروف سے) گزشتہ شام الحمرا ہال میں ایشین ایکسیلنس پرفارمنس ایوارڈز کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس کے مہمانِ خصوصی صوبائی وزیرِ خزانہ میاں مجتبیٰ شجاع الرحمٰن تھے۔تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات کو اُن کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں ایشین ایکسیلنس ایوارڈز سے نوازا گیا۔اس موقع پر ہمدرد پاکستان کی گروپ چیئرپرسن محترمہ سعدیہ راشد کو ہربل انڈسٹری کے فروغ اور بین الاقوامی سطح پر اس کے وقار میں اضافہ کرنے پر خصوصی ایوارڈ پیش کیا گیا۔

جبکہ سید علی بخاری (شعبہ تعلقاتِ عامہ کے استاد، ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان) کو تعلقاتِ عامہ کے میدان میں شاندار خدمات کے اعتراف میں ایکسِیلنس ایوارڈ سے نوازا گیا۔
تقریب میں رنگا رنگ ثقافتی پروگرام بھی پیش کیے گئے جنہیں حاضرین نے بے حد سراہا۔ معروف گلوکار محمد عارف لوہار اور ان کے بیٹوں، ورسٹائل گروپ کے محمد فیاض و ساتھیوں، میگھا , عباس جٹ اور بالخصوص رمضان جانی کی دلکش پرفارمنسز نے محفل کو چار چاند لگا دیے۔تقریب کے میزبان سید سہیل بخاری نے بتایا کہ ثقافت کے فروغ کے لیے اُن کی تنظیم کی 43 سالہ خدمات ہیں، اور آج کا یہ 28واں ایوارڈ شو ہے۔انہوں نے تقریب کی کامیابی میں اسلم سیماب کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کمپیئرنگ کے فرائض نہایت شاندار انداز میں انجام دیے اور ملی نغمے کے ذریعے اختتامی لمحات تک محفل کا جوش و جذبہ برقرار رکھا۔ لیڈرز میڈیا اویرنیس فاؤنڈیشن پاکستان نے سید علی بخاری کی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ وہ تعلقاتِ عامہ کے شعبے کے بہترین استاد اور ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہیں۔






