وزیراعلی مریم نواز شریف کی قائم کردہ کمیٹی کا سول سیکرٹریٹ میں اجلاس ہوا جس کی صدارت وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کی۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب شکیل احمد میاں اور کمیٹی کے ارکان ایم پی ایز نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں لوکل گورنمنٹ بل کی تیاری کے حوالے سے غور کیا گیا۔ کمیٹی کے شرکا نے بلدیاتی اداروں میں مخصوص نشستوں پر انتخاب کی مختلف تجاویز کا بھی جائزہ لیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمیٹی کے کنوینر، وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ پنجاب میں ایسا قانون بنانا چاہتے ہیں جو دیرپا اور مستحکم بلدیاتی نظام کا ضامن ہو۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی کمیٹی اپنی تجاویز اور سفارشات حتمی فیصلے کے لئے پنجاب کابینہ کو بھجوائے گی۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ بااختیار مقامی حکومتوں کے قیام کے لئے موثر قانون سازی ضرروی ہے۔ اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی سے کئی مسائل حل ہو سکیں گے۔ کمیٹی کا اجلاس اگلے ہفتے دوبارہ ہوگا۔





