صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ سے امریکی وفد کی ملاقات ،انسانی حقوق اور مذہبی اقلیتوں کے مسائل پر تفصیلی گفتگو

صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ سنگھ نے اپنے کیمپ آفس میں ایک امریکی وفد سے ملاقات کی، جس میں پنجاب میں انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے اقدامات بالخصوص مذہبی اقلیتوں کے حقوق بارے تفصیلی بات چیت کی گئی ۔امریکی وفد میں نائب معاون سیکرٹری جیکبسن، قونصل جنرل ہاکنز، لاسکووسکی، نیلسن، لکھن پال اور پولیٹیکل اسپیشلسٹ دائم شامل تھے جبکہ سیکرٹری انسانی حقوق واقلیتی امور علی بہادر اور دیگر متعلقہ افراد بھی ملاقات میں موجود تھے۔

صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ نے پنجاب حکومت کی جانب سے مذہبی اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے اٹھائے گئے اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے محکمہ کے پلیٹ فارم سے عالمی بینک کے اشتراک سے پانچ سالہ اسٹریٹیجک

پلان پر عملدرآمد بارے بتایا کہ مذہبی اقلیتوں کے لیے مساوی مواقع فراہم کرنے پر زور دیا جا رہا ہے ۔ وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے پہلے روز سے ہی مذہبی اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور یکساں مواقع کے لیے کوشاں ہیں جبکہ حال ہی میں مریم نواز کی ہداہت پر سکھ کمیونٹی کے ورثے کے تحفظ اور سیاحت کے فروغ کے لئے ایک اسٹیئرنگ کمیٹی کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے۔

 

رمیش سنگھ اروڑہ نے مزید بتایا کہ اکتوبر میں دیوالی، نومبر میں بابا گورونانک کی سالگرہ کی تقریبات اور دسمبر میں کرسمس کی تقریبات منائی جائیں گی جو کہ پاکستان کا دنیا بھر میں مثبت پہلو اجاگر کرے گا کہ تمام مذہبی اقلیتوں کا تہوار پورے جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ بابا گرو نانک سے منسلک تقریبات میں شرکت کے لیے دنیا بھر سے 60,000 سے زائد سکھ یاتری پاکستان کا دورہ کریں گے، جن میں کیلیفورنیا سے بھی لوگ شامل ہوں گے۔

صوبائی وزیر نے ثقافتی تقریبات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ نومبر میں ہی سکھ کمیونٹی کے مابین ایک مقامی کبڈی میچ کروایا جا رہا ہے جبکہ کوشش کر رہے ہیں کہ اگلے سال اسکو بین الاقوامی سطح پر منایا جاسکے تاکہ دنیا بھر سے شرکت کو یقینی بنایا جا سکے۔

صوبائی وزیر نے امریکی وفد کے ساتھ ڈیجیٹل خواندگی اور سیاحت کے فروغ کے لیے تعاون کی ضرورت پر زور دیا اور وفد کو سکھ شادی ایکٹ کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ مسیحی اور ہندو شادی ایکٹ پر بھی کام تیزی سے جاری ہے۔

امریکی وفد نے پنجاب حکومت کے اقدامات، خاص طور پر سکھ شادی ایکٹ کی تعریف کی اور وزیراعلیٰ مریم نواز کے مذہبی اقلیتوں کے حقوق کی بہتری میں کردار کو سراہا۔ وفد نے انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے اور پاکستان میں غربت کے خاتمے کے لئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

ملاقات کے اختتام پر صوبائی وزیر نے امریکی وفد کے دورے کو سراہتے ہوئے انکو ایک یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button