پنجاب میں طلبہ کو 20 ہزار موٹر سائیکلوں کی بلاسود فراہمی کے پروجیکٹ کے تحت پنجاب آئی ٹی بورڈ کے حکومتِ پنجاب کیلئے وضع کردہ ای بائیکس پورٹل کے ذریعے اب تک 1 لاکھ سے زائد طلبہ رجسٹریشن کروا چکے ہیں۔ طلبہ کی جانب سے موٹر سائیکل کے حصول کیلئے اب تک 16 ہزار سے زائد آن لائن درخواستیں موصول ہوئی ہیں جن میں 13 ہزار سے زائد طلبہ نے پٹرول بائیکس جبکہ 3 ہزار سے زائد طلبہ نے ای بائیکس کیلئے اپلائی کیا۔
اس تعلیم دوست اقدام کے تحت 20 ہزار ڈاؤن پیمنٹ اور بائیک کی ماہانہ اقساط پر مارک اپ بھی حکومت پنجاب ادا کرے گی۔ طلباء یا طالبات کا بائیکس حاصل کرنے کیلئے سرکاری یا نجی گریجوایٹ کالج/ یونیورسٹی کا ریگولر طالبعلم ہونا ضروری ہے جبکہ عمر 18 سال سے زائد اور ڈرائیونگ لائسنس یا لرنر پرمٹ کا ہونا بھی ضروری ہے۔ پہلے مرحلے میں لاہور، ملتان، فیصل آباد، بہاولپور اور راولپنڈی کے طلبہ میں ای بائیکس تقسیم کی جائیں گی جبکہ باقی اضلاع میں پٹرول بائیکس تقیسم کی جائیں گی جس کیلئے درخواستیں دینے کی آخری تاریخ 29 اپریل مقرر کی گئی ہے۔ طلبہ bikes.punjab.gov.pk پر اپلائی کر سکتے ہیں۔ اس حوالے سے پی آئی ٹی بی چیئرمین فیصل یوسف نے کہا کہ اس شفاف نظام کے ذریعے طلبہ کو بائیکس کیلئے درخواست دینے اور حصول میں بہت زیادہ آسانی ہوئی ہے۔