دریائے سندھ پر کینال بنانے کے منصوبے کی ہرفورم پر مخالفت کی ہے اور کرینگے، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ان کی حکومت نے دریائے سندھ پر کینال بنانے کے منصوبوں کی ہر فورم پر مخالفت کی ہے اور کرتی رہے گی۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ان خیالات کا اظہار جماعت علمائے اسلام (ف) کے صوبائی صدر مولانا عبدالقیوم ہالیجوی اور سیکریٹری جنرل سندھ علامہ راشد محمود سومرو سے ملاقات کے دوران کیا۔ صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقی سید ناصر حسین شاہ اور وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار بھی ملاقات میں شریک تھے۔ ملاقات میں فریقین نے صدر مملکت آصف زرداری، چیئرمین بلاول بھٹو اور مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں 26ویں آئینی ترمیم کی منظوری پر ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔ ملاقات میں جے یو آئی (ف) کی صوبائی قیادت نے سندھ میں پانی کی کمی اور دریائے سندھ پر مزید کینال بنانے کے منصوبے پر اپنے خدشات کا اظہار کیا اور بتایا کہ پانی کے مسئلے پر عوامی مؤقف سامنے لانے کے لیئے جے یو آئی (ف) کانفرس منعقد کر رہی ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ کو کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی جو سید مراد علی شاہ نے قبول کرلی اور کانفرنس میں شرکت کی یقین دہانی کرائی۔ جے یو آئی وفد نے کچے میں ڈاکوؤں کی کارروایوں پر تشویش کا اظہار کیا جس پر وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ سندھ حکومت کا کچے میں ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن جاری ہے۔ سید مراد علی شاہ نے وزیرداخلہ کو ہدایت کی کہ کچے میں پولیس اور رینجرز کے آپریشن کو تیز کیا جائے۔ جے یو آئی رہنماؤں نے کچے میں آپریشن کےلیے اپنی جماعت کے تعاون اور حمایت کی یقین دہانی کروائی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ آپریشن میں پولیس کارروائی کے علاوہ تمام سیاسی، سماجی اور علاقائی اثر رسوخ رکھنے والی شخصیات کی بھی ضرورت پڑے گی۔

جواب دیں

Back to top button