وزیراعلٰی علی امین خان گنڈاپور نے ”احساس نوجوان“ سکیم کے تحت قرضوں کے حصول کے لئے آن لائن پورٹل کا اجراء کردیا

خیبر پختونخوا میں نوجوانوں کو بااختیار اور باروزگار بنانے کےلئے صوبائی حکومت کا اہم اقدام ،وزیراعلٰی علی امین خان گنڈاپور نے ”احساس نوجوان“سکیم کے تحت قرضوں کے حصول کے لئے آن لائن پورٹل کا اجراء کردیا۔ پورٹل کے ذریعے نوجوان چھوٹے کاروبار کے لئے آسان شرائط پر قرضوں کے لئے آن لائن درخواستیں دے سکتے ہیں۔پروگرام پر عمل درآمد کے لئے محکمہ امور نوجوانان، بینک آف خیبر اور اخوت مائکروفنانس کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط۔ احساس نوجوان پروگرام 3 سالہ منصوبہ ہے جس پر 3 ارب روپے لاگت آئے گی۔

یہ پروگرام 2 حصوں پر مشتمل ہے، جس پر عمل درآمد کیلئے رواں بجٹ میں 1 ارب 10 کروڑ روپے مختص ہیں۔ پروگرام کے پہلے حصے کے تحت بینک آف خیبر کے اشتراک سے 1 ارب روپے کی لاگت سے بلا سود قرضے دیے جائیں گے۔ پروگرام کے تحت 18 سے 35 سال تک کی عمر کے 3 سے 5 نوجوانوں پر مشتمل کلسٹرز کو 10 لاکھ سے 50 لاکھ روپے تک کے قرضے فراہم کیے جائیں گے۔ قرضے کی واپسی کے لیے 8 سالوں پر مشتمل آسان شیڈول رکھا گیا ہے۔پروگرام کا دوسرا حصہ اخوت مائیکرو فنانس بینک کے اشتراک سے شروع کیا گیا، جس کی لاگت 2 ارب روپے ہے۔ پروگرام کے تحت 18 سے 40 سال کی عمر کے افراد کو چھوٹے پیمانے پر کاروبار کے لیے 1 لاکھ سے 5 لاکھ روپے تک کے بلاسود قرضے فراہم کئے جائیں گے۔ پروگرام کے تحت نوجوان خواتین کے لیے 15 فیصد اور مخصوص افراد کے لیے2.5 فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔ اسی طرح دینی مدارس کے نوجوانوں کے لیے 5 فیصد اور اقلیتوں کے لیے 2.5 فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔وزیراعلٰی علی امین خان گنڈاپور نے نوجوانوں کے لئے ایک اور اہم اقدام کے طور پر ”چیف منسٹر یوتھ انٹرن شپ“ پروگرام کا بھی اجراء کردیا۔ ”چیف منسٹر یوتھ انٹرن شپ“ پروگرام کے تحت ہر سال 400 نوجوانوں کو انٹرن شپ کی سہولت مہیا کی جائے گی۔ یہ انٹرن شپ 3 ماہ پر مشتمل ہوگی جس کے دوران فی کس 25,000 ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔16 سالوں پر مشتمل تعلیمی کیرئیر یا اس کے مساوی ہائیر ایجوکیشن کمیشن سے تسلیم شدہ ڈگری کے حامل 29 سال تک کی عمر کے نوجوان پروگرام سے مستفید ہو سکیں گے۔ انٹرن شپ مکمل کرنے کے بعد نوجوانوں کو مختلف سرکاری اور نجی شعبوں میں ملازمت کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔وزیراعلٰی علی امین خان گنڈاپور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کا وژن ہے قوم کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا۔ احساس نوجوان، احساس ہنر، احساس روزگار اور احساس اپنا گھر پروگرام اس وژن کی تکمیل کی طرف عملی اقدام ہیں، ان پروگراموں کے تحت لوگوں کو کاروبار شروع کرنے کے لیے قرضے فراہم کیے جائیں گے تاکہ معاشی طور پر خود مختار ہو سکیں۔ جو لوگ اپنا گھر نہیں بنا سکتے ہم نے احساس کیا کہ انہیں گھر بنا کر دیں، مخدوش مالی صورتحال کے باوجود عوامی فلاح کے منصوبے شروع کر رہے ہیں، ہمارا مقصد نوجوانوں کو کلاس فور کی نوکری نہیں بلکہ اپنے کاروبار دینا ہے۔آئیڈیاز لوگ لائیں گے، مواقع حکومت دے گی اور اس طرح آگے بڑھیں گے، یہ قرضے صرف اور صرف پر میرٹ پر دیئے جائیں تاکہ حقدار لوگ ہی اس سے مستفید ہوں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button