عوامی مشکلات کا احساس ہے، کراچی میں ٹریفک مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہیں۔ شرجیل میمن

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ حکومت سندھ اس وقت کراچی میں ٹریفک کے مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہے، پچھلے چالیس سالوں سے کراچی شہر میں جو غیر قانونی بس اڈے چل رہے تھے وہ ختم کر دیئے گئے ہیں، اور تمام بس اڈوں کو کراچی شہر سے باہر کراچی بس ٹرمینل کی طرف منتقل کر دیا گیا ہے، بس ٹرمینل تک مسافروں کو پہنچانے کے لئے پہلی بار فری شٹل سروس کا آغاز کیا گیا ہے، کراچی شہر میں لاکھوں شہریوں کو سفری سہولت فراہم کرنے کے لئے جدید ترین ریڈ لائن اور یلو لائن بی آر ٹی پر کام چل رہا ہے، دسمبر 2024 کے آخر میں گرین لائن سروس بھی حکومت سندھ کے حوالے کی جائے گی۔

کراچی میں ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک اینڈ سوشل میڈیا میں پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ، ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ بھر میں محکمہ ایکسائز کی جانب سے غیر رجسٹرڈ اور ٹیکس نادہندہ گاڑیوں کی چیکنگ کی مہم جاری ہے، محکمہ ایکسائز کی جانب صرف نومبر کے مہینے میں یکم نومبر سے آج تک 22 ہزار 103 گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی، جن میں 115 سے گاڑیاں غیر رجسٹرڈ جبکہ 1304 گاڑیاں ٹیکس نادہندہ تھیں ، جن کو تحویل میں لیا گیا۔ 1472 گاڑیوں کی کاغذات ضبط کر لئے گئے، ٹیکس نادہندہ گاڑیوں سے ایک کروڑ 65 ہزار ٹیکس وصول کیا گیا، جبکہ ان پر 8 لاکھ 73 کے جرمانے بھی عائد کئے گئے، مجموعی طور پر ان سے ایک کروڑ 9 لاکھ 38 ہزار روپے ٹیکس اکٹھا کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار سندھ میں یہ ہونے جا رہا ہے کہ اب کوئی بھی غیر رجسٹرڈ گاڑی روڈ پر نہیں چل سکے گی، ایسی قانونسازی ہونے جا رہی ہے جس کے بعد کوئی بھی غیر رجسٹرڈ گاڑی روڈ پر نہیں چلے گی،اس سلسلے میں ہم بل اسمبلی میں لے کر آئے ہیں، جو اسٹینڈنگ کمیٹی میں گیا ہے۔

 

سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ فند ریزنگ ایونٹ کے طور پر پریمئم نمبر پلیٹس کی دوسری نیلامی یکم دسمبر کو ہونے جا رہے ہے، یہ نیلامی صرف سندھ تک ہی محدود نہیں اس میں پورے پاکستان کے لوگ دل کھول کر حصہ لے سکتے ہیں، پریمئم نمبر پلیٹس کی نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم سیلاب متاثرین کے لئے گھروں کی تعمیر کے لئے دی جائے گی، سیلاب متاثرین کے لئے گھروں کے تعمیر کا پروجیکٹ ایس پی ایچ ایف ، جس کا اعلان چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کیا ہے، کے تحت 21 لاکھ سیلاب متاثرین خاندانوں کے لئے گھر تعمیر کئے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پریمئم نمبر پلیٹس کی آن لائن نیلامی بھی کی جارہی ہے، پریمئم نمبر پلیٹس کی آن لائن نیلامی میں حصہ لینے کے لئے premiumnumber.excise.gov.pk کے پورٹل پر جا کر کوئی بھی رجسٹرڈ ہو کر پریمئم نمبر پلیٹس کی نیلامی میں شرکت کر سکتا ہے، اس وقت ہر شعبے میں سب سے بہترین کام پاکستان پیپلز پارٹی کر رہی ہے، صحت، ہاؤسنگ، تعلیم کے میدان میں سب سے بہترین کام پاکستان پیپلز پارٹی کر رہی ہے، آئی بی اے سکھر کو انٹرنیشنل ایوارڈ سے نوازا گیا، ہاؤسنگ پروجیکٹ کو بھی انٹرنیشنل ایوارڈز ملے ہیں۔

سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ بین الاقوامی تنظیمیں آج بھی نہ صرف حکومت سندھ کے کاموں کو تعریف کر رہی ہیں بلکہ بڑھ چڑھ کر حکومت سندھ کو تعاون کی پیشکش کر رہی ہیں، لیکن اس کے برعکس ہمیشہ سندھ کے خلاف پروپیگنڈہ کئے جاتے رہے۔

انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ کی ہدایات پر حال ہی غیر قانونی نمبر پلیٹس، پولیس کی لائٹس ، کالے شیشوں والی گاڑیوں اور ہتھیاروں کے نمائش کے خلاف سندھ پولیس کی جانب سے سخت کریک ڈاؤن شروع کیا گیا ہے، 20 گاڑیوں کو تحویل میں لیا گیا ہے، 18 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، 1520 گاڑیوں پر مجموعی طور 15 لاکھ 63 ہزار 440 روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ اس طرح اسلحے کی نمائش کے خلاف کارروائیوں میں 27 مقدمات درج ہوئے ہیں، 29 ہتھیار تحویل میں لئے گئے، جبکہ 34 ملزمان کو حراست میں لیا گیا ہے۔

سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ منشیات کے خلاف ایکسائز نارکوٹکس کنٹرول ونگ نے بڑھ چڑھ کر کارروائیاں کی ہیں، پہلی بار اس ونگ کو متحرک انداز میں فعال کیا رہا ہے، پہلی بار کراچی اور حیدرآباد میں ایکسائز نارکوٹکس کنٹرول ونگ بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرنے جا رہا ہے، باقی اضلاع سے بھی فورس منگوائی جا رہی ہے، نارکوٹکس کنڑول ونگ کو جہاں بھی ضرورت پڑے گی وہاں پولیس بھی ان کے ساتھ کارروائی میں شامل ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ منشیات کے ڈیلرز اور استعمال کرنے والے کے لئے بری خبر ہے کہ ان کے گرد گھیرا تنگ ہونے جا رہا ہے، اس لئے وہ توبہ کرلیں ورنہ اب ایکشن روز بروز مزید سخت ہوتے رہیں گے، ہمیں جہاں جہاں رپورٹ ملے گی کارروائی کی جائے گی، نجی محفلوں یہاں تک کہ گھروں میں بھی اگر کوئی منشیات استعمال کرے گا تو کارروائی ہوگی،کوئی بھی قانون سی بالاتر نہیں ہے، جو بھی منشیات فروشی میں ملوث ہیں وہ کان کھول کر سن لیں کہ اگر وہ پکڑے گئے بہت بڑی تکلیف میں آئیں گے۔ ہم نے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں شروع کر دی ہیں، ہم نے اس کی شروعات یونیورسٹیز سے کی ہے، یونیورسٹیز کے کچھ ملازمین کو گرفتار کیا ہے جو منشیات کی سپلائی میں ملوث تھے، روزانہ کی بنیاد منشیات کے خلاف کارروائی ہورہی ہے۔ میری والدین سے گزارش ہے کہ وہ اپنے بچوں پر نظر رکھیں ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button