تیرے مکھڑے دا کالا کالا تل وے ،
چاندنی راتیں تاروں سے کریں باتیں
چن دیا ٹوٹیا دل دیا کھوٹیا
جیسے نغمات کی موسیقی ترتیب دینے والے ممتاز موسیقار فیروز نظامی کی آج 49 ویں برسی ہے۔ زیادہ لوگوں کو شاید معلوم نہ ہوکہ وہ کرکٹر نذر محمد ، ادیب سراج نظامی کے بھائی اور مدثر نذر کے چچا تھے۔
فیروز نظامی 10 نومبر 1910ء کو لاہور میں پیدا ہوئے اور 15 نومبر 1975ء کو وفات پائی۔۔
انہوں نے اسلامیہ کالج لاہور سے گریجویشن کیا۔ ساتھ ہی اپنے گھرانے کے استاد عبدالوحید خان کیرانوی سے موسیقی کی تعلیم حاصل کی۔ 1936 میں آل انڈیا ریڈیو سے بطور پروڈیوسر وابستہ ہوئے۔ لاہور، دہلی اور لکھنؤ سٹیشنوں پر خدمات انجام دیں پھر ریڈیو چھوڑ کر بمبئی کی فلمی دنیا چلے گئے۔
ان کی ابتدائی فلموں میں وشواس، بڑی بات، امنگ، اس پار، شربتی آنکھیں، امر راج، نیک پروین، پتی سیوا اور رنگین کہانی شامل تھیں مگر انہیں ملک گیر شہرت شوکت حسین رضوی کی فلم جگنو سے ملی ،جس میں دلیپ کمار اور نور جہاں نے مرکزی کردار ادا کیے تھے۔
تقسیم ہند کے بعد فیروز نظامی لاہور واپس آگئے جہاں انہوں نے شوکت حسین رضوی کی فلم چن وے اور سبطین فضلی کی فلم دوپٹہ کی لازوال موسیقی ترتیب دی۔ فیروز نظامی کی موسیقی سے مزین دیگر فلموں میں ہماری بستی، شرارے، سوہنی، انتخاب، راز، قسمت، سولہ آنے، زنجیر، منزل، سوکن، غلام اور سوغات شامل تھیں۔
فیروز نظامی نے صرف فلموں کے لیے موسیقی ہی ترتیب نہیں دی بلکہ انہوں نے موسیقی میں اپنے اساتذہ سے جو کچھہ سیکھا، اسے دوسروں تک پہنچانے کیلئے کئی کتابیں بھی تحریر کیں جن میں اسرارِ موسیقی، رموزِ موسیقی اور سرچشمۂ حیات کے نام سرفہرست ہیں۔ دو کتابیں انگریزی میں بھی تحریر کیں۔ وہ اخبار پاکستان ٹائمز میں بھی لکھا کرتے تھے۔ پاکستان آرٹس کونسل لاہور کی میوزک اکیڈمی میں موسیقی پر لیکچر بھی دیتے رہے۔
ان کے شاگردوں میں سلیم حسین، اقبال حسین سرفہرست ہیں جنہوں نے بعد میں سلیم اقبال کے نام سے کئی فلموں کی موسیقی ترتیب دی۔ گلوکار محمد رفیع کو فلمی صنعت میں متعارف کروانے کا سہرا بھی فیروز نظامی کے سر ہے۔
فیروز نظامی کی مشہور فلمیں
ہماری بستی 1950ءچن وے (پنجابی) 1951ءڈوپٹہ 1952 دیوار 1954ءشرارے 1955ءسوہنی 1955 قسمت 1956ءانتخاب 1955ءراز 1959ءسولہ آنے 1959ء
منزل 1960ءزنجیر 1960ءسوکن (پنجابی) 1965ءزن، زر تے زمین (پنجابی)1974ء