پہلی بار سیور لائنز کیلئے کنکریٹ پروٹیکشن لائنر بچھانے کا فیصلہ، سیور بند ہونے کی شکایات کا سدباب ہو سکے گا، وزیر بلدیات ذیشان رفیق

وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ وزیراعلٰی مریم نواز شریف کی ہدایت پر چھوٹے بڑے شہروں میں پہلی بار سیور لائنز کیلئے کنکریٹ پروٹیکشن لائنر Liner بچھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کم از کم 30 انچ کی پائپ لائن بچھانے سے سیور بند ہونے کی شکایات کا سدباب ہو سکے گا۔ صوبائی وزیر پنجاب سول سیکرٹریٹ میں ہونے والے ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں، سپیشل سیکرٹری آسیہ گل اور ایڈیشنل سیکرٹری ڈویلپمنٹ احمر کیفی نے بھی اجلاس میں شرکت کی جبکہ پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈ کمپنی (پی ایم ڈی ایف سی) کے مینجنگ ڈائریکٹر سید زاہد عزیز نے وزیراعلی کے پنجاب سٹیز ڈویلپمنٹ پروگرام میں پیشرفت پر بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ کنکریٹ پروٹیکشن لائنر بنانے والی بین الااقوامی شہرت کی حامل کمپنیوں کو ٹیکنالوجی پاکستان میں منتقل کرنا ہوگی۔ بڑے سیور پائپ لائن پاکستان میں تیار ہونے سے پنجاب کے ساتھ پورے ملک کو فائدہ ہوگا۔ متعلقہ کمپنیوں کو پنجاب میں کنکریٹ لائنر پلانٹ لگانے کی دعوت دینگے۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز نے 169 شہروں کے میونسپل مسائل حل کرنے کا حکم دیا ہے۔ پہلی بار ہر شہر کیلئے برساتی پانی کی سٹوریج اور سیوریج کا بائی پاس منصوبہ تیار کیا جا رہا ہے۔ بائی پاس سسٹم کے باعث سیوریج کا آلودہ پانی زیر زمین آب کے ساتھ مکس نہیں ہوگا۔ انہوں نے پی ایم ڈی ایف سی کو پریذینٹیشن میں 2 روز کے اندر تکنیکی سقم دور کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اگلے ماہ مئی تک 59 شہروں کا پی سی ون مکمل کر لیا جائے۔ باقیماندہ 110 شہروں میں بھی جلد سٹیٹ آف دی آرٹ سکیموں کا جال بچھائیں گے۔ وزیر بلدیات نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام شہروں کی اگلے 50 سال تک میونسپل ضروریات پوری کی جائیں گی۔ گلیوں کی مرمت، ڈرینج سسٹم کی سولرائزیشن اور گرین ایریاز کی تیاری بھی اسی منصوبے کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ بینک کے تعاون سے یہ میگا پراجیکٹ مکمل ہونے سے پنجاب کا ایک خوبصورت چہرہ سامنے ائے گا۔اس موقع پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں نے ہدایت کی کہ ہر سیور کی میعاد 50 سال سے 100 ہونی چاہیئے۔ اس بات کا خاص خیال رکھا جائے کہ جو سیور لائنز بچھائی جائیں انہیں مستقبل میں کسی اور سکیم سے متاثر نہیں ہونا چاہیئے۔ شکیل احمد نے نشاندہی کی کہ شہروں کا بڑا مسئلہ سیور کا خراب نظام ہے اور اسی پر ہمارا فوکس ہے۔ وزیراعلی مریم نواز کے مقرر کردہ ٹائم فریم کے اندر تمام سکیموں کی تکمیل یقینی بنائیں گے۔

جواب دیں

Back to top button