وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ پنجاب سپیشل spatial پلاننگ اتھارٹی (پی ایس پی اے) کے قیام سے ماحول دوست تعمیرات کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔ اتھارٹی گرین ایریاز، جنگلات اور زرعی رقبے کا تحفظ یقینی بنائے گی۔ سول سیکرٹریٹ میں پی ایس پی اے کے حوالے سے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اتھارٹی کے پلاننگ سپورٹ سسٹم (پی ایس ایس) کو ہر ضلع کے ڈیش بورڈ سے منسلک کردیا گیا۔ اضلاع کی ماسٹر پلاننگ کے بعد پی ایس پی اے کے پاس شاندار ڈیٹا دستیاب ہے۔ سپیشل سیکرٹری آسیہ گُل اور ڈائریکٹر جنرل پی ایس پی اے نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ پی ایس ایس متوازن نمو اور دیرپا ترقی کیلئے اہم ٹُول ثابت ہوگا۔ پی ایس پی اے ہائوسنگ، انڈسٹری، ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کو معاونت فراہم کر رہی ہے۔ اسی طرح محمکہ ماحولیات، پی اینڈ ڈی اور اکنامک ڈویلپمنٹ کو بھی مشاورت مہیا کی جا رہی ہے۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ ای کنسٹرکشن پورٹل پنجاب حکومت کے ای بِز کے ساتھ منسلک ہے۔ اب ہائوسنگ سوسائٹی کی منظوری کا تمام عمل آن لائن ممکن ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس پی اے کا قیام مریم نواز حکومت کی ایک اہم کامیابی ہے۔ اتھارٹی منظوری کے بغیر بننے والی سکیموں کو ریگولرائز کرنے کا بھی جائزہ لے گی۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ ای کنسٹرکشن پورٹل بننے سے غیر ضروری محکمانہ این او سیز کا خاتمہ ممکن ہوگیا ہے۔ ای کنسٹرکشن پورٹل پر موصول درخواست پر مقررہ وقت کے اندر کارروائی کی جائے گی۔ وزیر بلدیات نے خبردار کیا کہ شروع میں پی ایس پی اے کو متعدد چیلنجز کا سامنا ہوگا لہٰذا خود احتسابی اور شفافیت انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی اراضی کا بے دریغ استعمال روکنا اور گرین ایریاز کا تحفظ ضروری ہے۔ شہریوں اور ڈویلپرز کو پتہ ہونا چاہیئے کہ کون سے علاقے گرین اور کون سے گرے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انڈسٹریل زونز کو بھی سپیشل پلاننگ اتھارٹی کے ذریعے معاونت فراہم کی جائے گی۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ ای کنسٹرکشن پورٹل میں مزید عوام دوست فیچرز شامل کئے جائیں گے۔ رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں سرمایہ کاری کو مکمل محفوظ بنانا ہوگا۔ شفافیت جتنی زیادہ ہوگی عوام کا اعتماد اتنا ہی بڑھے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹائز سسٹم وزیراعلی مریم نواز کا فوکس ہے۔ شہریوں کو گھر بیٹھے مختلف سہولیات مہیا کی جارہی ہیں۔ لمبی قطاروں اور فائلیں دبانے کے کلچر کا خاتمہ کیا جا رہا ہے۔ صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ شہریوں کی رہنمائی کے لئے ہر ضلع اور تحصیل میں ماسٹر پلاننگ کا بورڈ نمایاں مقامات پر آویزاں کیا جائے۔





