وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ ویسٹ ٹو ویلیو فیز کے ساتھ سُتھرا پنجاب ایک اہم مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔ جاپان، چین اور جرمنی کے تجربے کو سامنے رکھ کر آگے بڑھیں گے۔ وہ سول سیکرٹریٹ میں ایک اجلاس کے دوران اظہارِ خیال کر رہے تھے جس میں ویسٹ ٹو ویلیو فیز کے مختلف پہلوئوں پر غور کیا گیا۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں اور سپیشل سیکرٹری آسیہ گُل نے بھی شرکت کی جبکہ ڈائریکٹر جنرل سُتھرا پنجاب اتھارٹی بابر صاحب دین نے اجلاس کو بریفنگ دی۔
وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ ویسٹ ٹو ویلیو میں انرجی، بائیوگیس، فیڈ سٹاک کی پیداوار شامل ہے۔ ایک غیرملک کمپنی نے ویسٹ سے عمارتی اینٹیں بنانے کی بھی پیشکش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز شریف نے تمام امکانات مدِنظر رکھ کر فیصلہ سازی کی ہدایت کی ہے۔ لاہور کے نواحی علاقے محمود بوٹی میں برسوں سے جمع ہونے والے کوڑے کے پہاڑ کو گرین ایریا میں تبدیل کرنے پر دنیا حیران ہے۔ انہوں نے کہا کہ لکھوڈیر لینڈفِل سائٹ پر بائیوگیس پلانٹ لگانے کا تجربہ کامیاب رہا ہے۔ محکمہ توانائی کے تعاون کے ساتھ 50 میگاواٹ پاور پلانٹ کا منصوبہ شروع کر رہے ہیں۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ اس پاور پلانٹ میں یومیہ 2500 ٹن ویسٹ استعمال ہوسکے گا۔ صوبائی وزیر نے سُتھرا پنجاب اتھارٹی کو کوڑے کی تفریق کا کام جلد شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ویسٹ سیگریگیشن کے ذریعے ری سائیکلنگ کے عمل میں آسانی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کرسچیئن اکنامک فورم (سی ای ایف) کے ساتھ ویسٹ ری سائیکلنگ میں سرمایہ کاری پر رابطے جاری ہیں۔ سی ای ایف کو سرمایہ کاری کے لئے ہر ممکن سہولیات مہیا کریں گے۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ سُتھرا پنجاب دنیا میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا ایک برانڈ بن چکا ہے۔ ویسٹ ٹو ویلیو میں ملکی و غیرملکی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کریں گے۔ پاکستان بلکہ خطے کا پہلا ری سائیکلنگ پارک بھی ویسٹ ٹو ویلیو کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نامیاتی ویسٹ سے فیڈسٹاک کی تیاری ایک اہم پیشرفت ہے۔ اس کے علاوہ انچاس ایکڑ پر لینڈ فِل سائٹ کو اربن فاریسٹ میں تبدل کیا جائے گا۔





