وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے اطالوی وزارت دفاع کے سینیئر مشیر فرانسسکو ماریا ٹالو کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد کی ملاقات میں تجارت، تعلیم ، کلچر اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں اطالوی سفیر ای مارلینا آرمیلن اور دیگر اہم سفارت کار بھی موجود تھے۔ ملاقات اٹلی اور پاکستان خصوصاً سندھ کے درمیان تعاون بڑھانے کی جانب اہم قدم ہے۔ اس موقع پر فرئقین نے مخلتف شعبوں میں شراکت داری کو فروغ دے کر لوگوں کےلیے مواقع پیدا کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
اطالوی مہمان وفد کے ساتھ بات چیت میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اطالوی ماہرین کو افرا اسٹرکچر کی بہتری کےلیے دعوت دینے، مقامی صنعتوں کی بین الاقوامی تعاون کے ذریعے ترقی اور سندھی طلبہ کو اطالوی انسٹی ٹیوشنز میں تعلیم حاصل کرنے کی حوصلہ افزائی پر زور دیا۔ ملاقات کے دوروان پرجوش گفتگو سے یہ بات سامنے آٗئی کہ تمام مقاصد کی تکمیل ممکن ہے۔
وزیراعلیٰ اور اطالوی وفد نے تجارت، کلچر، تعلیم کے میدان میں تعلقات بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ سندھ اور اطالوی صنعتوں کے درمیان کپڑے، چمڑے اور زراعت میں تعاون سے معاشی ترقی کی نئی منڈیاں تلاش کی جا سکتی ہیں۔ سیکیورٹی، انسداد دہشتگردی اور آفات سے نمٹنے کےلیے اٹلی کی جدید مہارتوں پر بھی بات کی گئی۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ سندھ کی قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کو تربیت اور شہری علاقوں میں آفات سے نمٹنے کی صلاحیتوں میں اضافے کے وسیع امکانات موجودہ ہیں۔
ملاقات میں سندھ کے انفرا اسٹکرچر، قابل تجدید توانائی منصوبوں اور مواصلاتی نظام میں اطالوی سرمایہ کاری میں دلچسی کا اظہار کیا گیا۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار میں اطالوی مدد سے سندھ کی معیشت کو بڑا سہارا مل سکتا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے نشاندہی کی کہ سندھ کے قابل طلبہ اسکالر شپ لے کر اطالوی اداروں میں تعلیم حاصل کرسکتے ہیں اور فیشن ، ڈیزائن اور انجنیئرنگ کے ووکیشنل ٹریننگ پروگراموں میں شرکت کرسکتے ہیں۔ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ثقافتی ورثے کو محفوظ بنانے میں اٹلی کی ورلڈ کلاس مہارت سے سندھ کے تاریخی مقامات کو فائدہ ہوسکتا ہے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے مشترکہ میلے اور ثقافتی پروگرام منعقد کرنے پر بھی بات کی تاکہ دونوں علاقوں کے زرخیز ثقافتی ورثے کو سمجھنے میں مدد مل سکے۔
ملاقات میں موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے، اربن فلڈنگ کے خاتمے اور پائیدار زرراعت کے فروغ کےلیے اطالوی معاونت کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
میٹنگ کا ایک خاص طور پر متاثر کن پہلو خصوصی بچوں اور پسماندہ طبقات کی مدد سے متعلق انسانی ہمدردی کے منصوبوں پر زور دینا تھا،۔ یہ ایک ایسا مقصد ہے جو وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کے دل کے قریب ہے۔یہ ملاقات ٹھوس نتائج کی امید دلاتی ہے، جن میں مفاہمتی یادداشتیں اور مشترکہ منصوبے شامل ہو سکتے ہیں۔ سندھ اور اٹلی کے درمیان تعاون اس شراکت داری کو دونوں خطوں کے لیے ترقی اور خوشحالی کے ایک نئے دور میں داخل کر سکتا ہے۔