وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت ڈی آئی خان میں ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اجلاس منعقد ہوا ۔ متعلقہ ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹریز اور متعلقہ انتظامی سیکرٹریز بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شریک ہوئے ۔ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت ڈی آئی خان کے ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔ وزیر اعلیٰ کو مختلف شعبوں میں ڈی آئی خان کے جاری اور نئے منصوبوں پر پیشرفت بارے بریفنگ دی گئی. ان شعبوں میں صحت، تعلیم، مواصلات، کھیل، آبپاشی، صنعت، سیاحت، سماجی بہبود، ریلیف اور لائیو اسٹاک شامل ہیں۔
صوبائی سالانہ ترقیاتی پروگرام کے جاری منصوبوں کے تحت ان شعبوں میں ڈی آئی خان میں 19 بڑے منصوبوں پر کام جاری ہے، ان منصوبوں کی کل لاگت 70 ارب روپے ہے، جن کے لئے رواں مالی سال کے بجٹ میں 6.1 ارب روپے مختص ہیں۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ رواں مالی سال کے دوران ان منصوبوں کے لئے اب تک 724 ملین روپے جاری کئے گئے ہیں، صوبائی سالانہ ترقیاتی پروگرام میں ڈی آئی خان کے 25 نئے اہم منصوبے شامل کئے گئے ہیں، ان منصوبوں کی کل لاگت 23.8 ارب روپے ہے جن کے لئے رواں مالی سال کے بجٹ میں 1.4 ارب روپے مختص ہیں۔ رواں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت ڈی آئی خان میں 12 ترجیحی منصوبے شارٹ لسٹ کئے گئے ہیں، ان منصوبوں میں گرلز کیڈٹ کالج کا قیام، پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے سیٹلائٹ سنٹر، برن سنٹر، کیتھ لیب کا قیام شامل ہیں، فلائی اورز کی تعمیر، گرلز کامرس کالج کا قیام، تعلیمی بورڈ کے لیے نئی عمارت کی تعمیر، ٹانک اڈہ کی منتقلی بھی ان 12 منصوبوں میں شامل ہے۔گومل زام ڈیم کے واٹر کورسز کی تعمیر، ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پلان، اور کھیلوں کے منصوبے بھی ان ترجیحی منصوبوں کا حصہ ہیں۔ فلائی اوورز کی تعمیر کے لیے 357 ملین روپے ریلیز کر دیے گئے ہیں۔ گرلز کامرس کالج کے لیے موجودہ عمارت کی توسیع، آلات کی خریداری اور اور دیگر امور کے لیے 233 ملین روپے گرانٹ کی سمری بھیج دی گئی ہے۔ گرلز کیڈٹ کالج کے قیام کے لیے بورڈ آف گورنرز کی تشکیل اور موجودہ عمارت کی تزئین و آرائش کے لیے 209 ملین روپے لاگت کی سمری بھی منظوری کے لیے ارسال کر دی گئی ہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں کیتھ لیب کے قیام کے لیے نظر ثانی شدہ پی سی ون پر کام جاری ہے۔ پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے قیام کے لیے 25 ملین روپے لاگت کا پی سی ٹو تیار کر لیا گیا ہے، مفتی محمود ٹیچنگ اسپتال میں برن سنٹر کے قیام کے لیے پی سی ون کی تیاری جاری ہے۔ وزیر اعلیٰ نے ان منصوبوں پر پیشرفت کی مجموعی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیااور متعلقہ حکام کو عوامی فلاح و بہبود کے ان منصوبوں پر مقررہ ٹائم لائینز کے مطابق عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔وزیر اعلٰی علی امین گنڈاپور نے کہا کہ دیگر تمام ڈویژنز کی سطح پر بھی ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا جائےگا، تمام ڈویژنل کمشنرز اپنے متعلقہ ڈویژنز میں ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کی نگرانی کریں۔ صوبے کے تمام اضلاع میں یکساں بنیادوں پر ترقیاتی منصوبے شروع کئے جائیں گے، ضم اضلاع اور دیگر پسماندہ اضلاع کو ترقیاتی منصوبوں میں ترجیح دی جائے گی، ترقیاتی منصوبوں پر عملی پیشرفت کے لئے درکار فنڈز کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔
ترقیاتی منصوبوں کے بقایاجات کی ادائیگیوں کے لئے فنڈز پہلی ترجیح میں جاری کئے جائیں، متعلقہ لائن ڈیپارٹمنٹس ترقیاتی فنڈز کی ضروریات سے متعلق بروقت محکمہ خزانہ کو آگاہ کریں، ان منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے تاکہ عوام جلد سے جلد ان کے ثمرات سے مستفید ہوں، عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں غیر ضروری تاخیر سے گریز کیا جائے۔