وزیر اعلٰی خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور سے چیئرمین پرائم منسٹر انسپکشن کمیشن بریگیڈیئر ریٹائرڈ مظفر علی رانجھا نےملاقات کی۔ صوبے میں فیڈرل پی ایس ڈی پی کے تحت ترقیاتی منصوبوں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیاگیا، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹریز اور دیگر متعلقہ حکام بھی ملاقات میں موجود تھے۔ ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کرکے ان کی جلد تکمیل کو یقینی بنانے پر اتفاق ہوا۔ منصوبوں پر عمل درآمد کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے متعلقہ محکموں کے درمیان بہتر کوآرڈینیشن کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ متعلقہ وفاقی اور صوبائی محکموں کو اس سلسلے میں ضروری اقدامات کی ہدایت کی گئی۔ ان منصوبوں میں چترال شندور روڈ، پشاور ناردرن بائی پاس، سی آر بی سی، ہنگو روڈ اور دیگر اہم منصوبے شامل ہیں۔ وزیراعلٰی علی امین خان گنڈاپور نے کہا کہ پی ایس ڈی پی کے تحت خیبر پختونخوا میں جو منصوبے شروع کئے گئے ہیں ان کی تکمیل ضروری ہے، یہ منصوبے عوامی فلاح و بہبود کے اہم منصوبے ہیں، صوبائی حکومت ان کی تکمیل کے لئے اپنے حصے کی ذمہ داری ہر صورت پوری کرے گی۔ سی آر بی سی لفٹ کینال کا منصوبہ نہ صرف صوبے بلکہ ملک کی فوڈ سکیورٹی کے لئے اہم منصوبہ ہے، وفاقی حکومت اس منصوبے پر عملدرآمد کے لئے اپنے حصے کا کردار ادا کرے۔
مظفر علی رانجھا نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں فیڈرل پی ایس ڈی پی کے تحت جاری منصوبوں کی تکمیل یقینی بنائی جائے گی، یہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے ہیں انہیں ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا۔