وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت ہیلتھ کیئر کمیشن اور ڈائریکٹوریٹ آف ڈرگ کنٹرول اینڈ فارمیسی سروسز کا اجلاس

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت محکمہ صحت کے ذیلی اداروں ہیلتھ کیئر کمیشن اور ڈائریکٹوریٹ آف ڈرگ کنٹرول اینڈ فارمیسی سروسز کا اجلاس منعقدہوا۔مشیر صحت احتشام علی، محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام کے علاوہ ڈائریکٹر جنرل ڈرگ کنٹرول اور سی ای او ہیلتھ کیئر کمیشن نے شرکت کی۔ اجلاس کو دونوں اداروں کے اغراض و مقاصد، کارکردگی اور درپیش مسائل اور آئندہ کے لائحہ عمل بارے بریفنگ دی گئی۔ بریفننگ میں بتایا گیا کہ اب تک ہیلتھ کیئر کمیشن نے 18911 مراکز صحت کو رجسٹرڈ کر لیا ہے، مراکز صحت کی رجسٹریشن کے لیے آن لائن پورٹل اور آسان طریقہ کار وضع کیا گیا ہے، گزشتہ ڈھائی سالوں میں مجموعی طور پر 38443 مراکز صحت کی جیو ٹیگنگ کر لی گئی ہے۔ لائسنسنگ کے لیے 159 مراکز صحت کی اسسمنٹ مکمل کر لی گئی ہے۔ گزشتہ ڈھائی سالوں کے دوران 317 مراکز صحت کی عبوری جبکہ 54 مراکز صحت کی مکمل لائسنسگ کی گئی۔ گزشتہ ڈھائی سال میں ہیلتھ کیئر کمیشن کو 3006 شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 2839 حل کر لی گئی ہیں، حل شدہ شکایات کی مجموعی شرح 94 فیصد ہے۔

گزشتہ ڈھائی سالوں میں 10085 مراکز صحت کے انسپکشنز کیے گئے، ان میں سے 2606 مراکز صحت کو نوٹسز جبکہ 2062 مراکز صحت کو سیل کیا گیا ہے، عطائیت سے متعلق 1523 کیسز سنے گئے ہیں، 1189 مراکز صحت پر جرمانے جبکہ 763 مراکز صحت کو مکمل سیل کیا گیا ہے۔ہیلتھ کیئر کمیشن کے زیر اہتمام 835 سرکاری اور نجی اسپتالوں کا سٹاف ٹرین کیا گیا ہے، ڈائریکٹوریٹ آف ڈرگ کنٹرول کے تحت رواں سال اب تک 13928 فارمیسیز کا معائنہ کیا گیا، اسی عرصے میں ادویات کے 1977 سٹاک ضبط کیے گئے، کوالٹی ٹیسٹنگ کے لیے 8493 نمونے لیے گئے۔ ان میں سے 992 نمونے غیر معیاری ثابت ہوئے ہیں ،211 نمونوں کو سپوریس قرار دیا گیا ہے، 234 فارمیسیز کو سیل، 107 فارمیسیز کے خلاف ایف آئی آرز درج کرائی گئی ہیں، سال 2024 میں ڈرگ کورٹ نے قید کے علاو 8.59 ملین روپے کے جرمانے عائد کیے ہیں۔وزیراعلیٰ نے ہیلتھ کیئر کمیشن کو صوبے میں صحت سہولیات کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے پلان بنا کر پیش کرنے اور غیر رجسٹرڈ مراکز صحت کو بھی رجسٹر کرنے کیلئے بھی پلان بنا کر اس پر عمل درآمد کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ نے ہیلتھ کیئر کمیشن کو مراکز صحت کا سرجیکل اور کلینکل آڈٹ کرنے کی ہدایت بھی کی۔وزیر اعلٰی علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ہیلتھ کیئر کمیشن میں افرادی قوت کی کمی کو پورا کرنے کیلئے فوری طور پر درکار سٹاف بھرتی کیا جائے۔ مراکز صحت میں غیر معیاری طبی سہولیات کی فراہمی پر متعلقہ مرکز صحت کے خلاف سخت کاروائی کی جائے۔

وزیراعلی علی امین خان گنڈاپور نے ڈویڑنل ہیڈکوارٹر کی سطح پر کم ازکم ایک موبائل ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری کے قیام کیلئے بھی اقدامات اور سرکاری ہسپتالوں میں فارماسسٹس کی خالی پوسٹوں پر بھرتیاں عمل میں لانے کی ہدایت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button