وزیر کھیل سندھ سردار محمد بخش مہر کا کہنا تھا کہ آئندہ سال جنوری میں بیچ گیمز کا بڑا ایونٹ منعقد کیا جائے گا، آج اسٹریٹ چلڈرن ضلعہ جنوبی کے لیے ایونٹ کا انعقاد کیا گیا ہے، جبکہ حکومت سندھ نے کھیلوں کے لیے سالانہ کلینڈر بھی بنایا ہے، 17 سالوں کے بعد کراچی میں نیشنل گیمز منعقد ہونے جارہے ہیں، یہ بیچ ویو گیم صرف ریہرسل ہے، بڑے پیمانے پر جو ہونگی وہ جنوری میں منعقد کی جائیں گی.
سردار محمد بخش مہر نے سیکریٹری کھیل عبدالعلیم لاشاری کے ہمراہ محکمہ کھیل سندھ کی جانب سے ساحل سمندر پر منعقد بیچ اسپورٹس گالا ضلعہ جنوبی کے دورہ کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سندھ میں کھیلوں کے حوالے سے ٹیلنٹ ڈھونڈنے کا مرحلہ ہے اس کی شروعات ہوچکی ہے، فٹبال کی ٹورنامنٹ ہوچکی ہے اور دیگر کھیلوں کے ایونٹ بھی ہوچکے ہیں، یہ جو مرحلہ ہے اس سے آگے چل کر کے سندھ کے کھیلوں میں بہت بڑی تبدیلی آئے گی، نیشنل اور سندھ گیمز میں نوجوانوں کی بڑی تعداد شامل ہوگی، وہ تمام بھترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے اور نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر بھی سندھ نام روشن کریں گے. سردار محمد بخش مہر کا کہنا تھا کہ بچے ہمارے ملک کا مستقبل ہیں، ہر بچے کو کھیلنے اور تفریح کرنے کا حق ہے، سندھ حکومت نوجوانوں کو کھیل کھیلنے کے لیے محفوظ اور مناسب ماحول فراہم کر رہی ہے، کھیلوں میں اچھی کارکردگی دکھانے پر انعامات دے کر نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے. دوسری جانب ساحل سمندر پر بیچ اسپورٹس گالا میں والی بال، فٹبال، ٹگ آف وار، ریس، بیچ گبڈی سمیت دیگر گیمز کھیلے گئے. صوبائی وزیر کھیل نے بیچ اسپورٹس گالا میں نواجوانوں کے ساتھ والی بال بھی کھیلا، جبکہ بیچ سپورٹس گالا میں نوجوانوں نے بڑی تعداد میں بھرپور شرکت کی.