بلدیہ عظمیٰ کراچی کی کونسل کا عام اجلاس جمعرات کے روز کونسل ہال صدر دفتر بلدیہ عظمیٰ کراچی میں ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مرادکی زیر صدارت منعقد ہوا،
اجلاس کے دوران مجموعی طور پر 21 قراردادوں کی منظوری کثرت رائے سے دی گئی جن میں پہلی قرارداد کے ذریعے کرم اللہ وقاصی، امام بخش بروہی، بابر مگسی اور محمد وقار کو مختلف ٹی ایم سیز کی یونین کمیٹیوں کے ضمنی بلدیاتی الیکشن میں کامیابی اور کرم اللہ وقاصی کو لیڈر آف دی ہاؤس نامزد ہونے پر مبارکباد پیش کی گئی، دوسری قرارداد کے ذریعے بلدیہ عظمیٰ کراچی میں 15 سال سے زائد خدمات انجام دینے والے گریڈ1 تا 4 کے تمام ملازمین کی اسامیوں کو اگلے گریڈ میں ترقی /اپ گریڈیشن کی منظوری دی گئی، ایک اور قرارداد کے ذریعے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کو کراچی میں بہترین ترقیاتی کام کرانے پر مبارکباد پیش کی گئی جن میں 2 ارب روپے کی لاگت سے کراچی کی مختلف سڑکوں اور شاہراہوں کی مرمت اور استرکاری، مختلف پلوں، فلائی اوورز اور انڈرپاسز کی مرمت و تزئین و آرائش، اسٹریٹ لائٹس کی بحالی، پارکوں کی تزئین و آرائش اور ترقی، میٹروپولیٹن یونیورسٹی کا قیام، واٹر کارپوریشن میں جدید اصلاحات اور بہترین کارکردگی کے ذریعے ماہانہ آمدنی میں ریکارڈ اضافہ، شہر میں فراہمی و نکاسی آب کی بوسیدہ لائنوں کی تبدیلی، فراہمی آب کے منصوبوں پر تیزی سے کام،سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کی بحالی اور دیگر امور شامل ہیں، ایوان میں پیش کی گئی ایک اور قرارداد کے ذریعے قومی اسمبلی اور سینیٹ میں 26 ویں آئینی ترمیم کی دو تہائی اکثریت سے منظوری پرپاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین جناب بلاول بھٹو زرداری اور ان کے ترجمان و میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کے کلیدی کردار پر مبارکباد پیش کی گئی، کے ایم سی کونسل نے کثرت رائے سے منظور کی گئی ایک قرارداد کے ذریعے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کو بلدیہ عظمیٰ کراچی کی مرکزی عمارت کی چھت پر شمسی توانائی سے بجلی کی حصول کے لئے سولر پینل کی تنصیب پر مبارکباد پیش کی اور ان کے اس عمل کو قابل ستائش قرار دیا، ایوان نے کراچی میں اتائی اور غیر مستند ڈاکٹرز کے سدباب کے لئے حکومت سندھ اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ میڈیکل اینڈ ہیلتھ سروسز سے اتائی اور مستند ڈاکٹروں اور ان کے کلینکس کے خلاف بھرپور آپریشن کرنے کا مطالبہ کیا، اجلاس میں منظور کی جانے والی دیگر قراردادوں میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے سالانہ تخمینہ حسابات برائے سال 2023-24 ء، کراچی میٹروپولیٹن یونیورسٹی کو زمین کی الاٹمنٹ اور ٹرانسفر سے متعلق سفارشات، بلدیہ عظمیٰ کراچی کے اشتہارات کی محکمہ اطلاعات و طباعت و میڈیا مینجمنٹ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ذریعے براہ راست اخبارات و جرائد میں اشاعت کے لئے بھیجنے، بلدیہ عظمیٰ کراچی میں پیش امام اور موذن کی اسامیوں کے لئے ازسرنو طریقہ تقرری اور ٹائم اسکیل کا اجراء، عباسی شہید اسپتال میں ہاؤس جاب سرٹیفکیٹ، ایکسپرینس ایف سی پی ایس سر ٹیفکیٹ، ایم ڈی، ایم ایس اور ایم سی پی ایس/ڈپلومہ کے اجراء پر چارجز کی وصولی،بلدیہ عظمیٰ کراچی میں اکاؤنٹینٹ بی پی ایس 11 کی اسامیوں کو بی پی ایس 16 میں اپ گریڈ کرنے، لپروسی اسپتال بلدیہ عظمیٰ کراچی کو منگھوپیر اسپتال کا درجہ دینے، مورو میر بحر(سابقہ سائٹ ٹاؤن) میں متوسط طبقے کے لئے گٹر باغیچہ کی سرکاری اراضی پر سو بستروں پر مشتمل اسپتال کی تعمیر سے متعلق سفارشات کی منظوری، بنارس چورنگی پر ٹریفک کی روانی بحال کرنے کے لئے ضروری اقدامات کرنے اور سندھ میں پیدا ہونے والی گیس کے صوبے کے عوام کے لئے استعمال کے متعلق وفاقی حکومت سے مطالبہ، خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت اور شہداء کے لئے مغفرت کی دعا، کراچی شہر اور بالخصوص حب ریور روڈ پر گرین بیلٹ سے تجاوزات کا خاتمہ اور نئے درخت لگانے کا مطالبہ شامل تھا جبکہ ایوان میں پیش کی گئی دیگر قراردادوں کے ذریعے یونین کمیٹیوں کو ملنے والی او زیڈ ٹی کی رقم مبلغ 5 لاکھ روپے سے بڑھا کر مبلغ 12 لاکھ روپے ماہانہ کرنے اور ٹریٹمنٹ پلانٹ تھری ماڑی پور میں پائلٹ پروجیکٹ کے ذریعے سیوریج واٹر کو ری سائیکل کرکے صنعتی و تعمیراتی شعبوں کے لئے قابل استعمال بنانے کے منصوبے کی تکمیل پر میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کو مبارکباد پیش کی گئی جبکہ ایک اور قرارداد کے ذریعے کراچی کے اولڈ سٹی ایریا میں جمیلہ پمپنگ اسٹیشن کو بحال کرنے اور عظیم ثقافتی ورثے کے لئے حفاظتی اقدامات پر بھی میئر کراچی کو مبارکباد پیش کی گئی۔