گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ کا قراقرم ایریا ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن (کاڈو) کا تفصیلی دورہ، مختلف پراجیکٹس کا جائزہ

گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے قراقرم ایریا ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن (کاڈو) کا تفصیلی دورہ کیا اور ادارے کے مختلف پراجیکٹس کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر چیئرمین کاڈو سلطان مدد اور سی ای او عباس علی نے گورنر گلگت بلتستان کو کاڈو کے تحت جاری منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔

گورنر گلگت بلتستان نے خصوصی طور پر کاڈو کے زیر انتظام چلنے والے منصوبوں کی تعریف کی، جن میں شرما ریہیبلیٹیشن سینٹر، فری لانسنگ سینٹر، آئی ٹی سینٹر، ہینڈی کرافٹس سینٹر، جیمز اینڈ جیولری سینٹر اور دیگر اہم پراجیکٹس شامل ہیں۔ شرما ریہیبلیٹیشن سینٹر میں خصوصی افراد کو روایتی قالین بافی کی تربیت دی جا رہی ہے، جسے مقامی زبان میں شرما کہا جاتا ہے۔ اس منصوبے کے ذریعے خصوصی افراد کو نہ صرف ہنر سکھایا جا رہا ہے بلکہ انہیں باعزت روزگار بھی فراہم کیا جا رہا ہے۔

گورنر گلگت بلتستان نے کاڈو کے ان اقدامات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ یہ منصوبے نہ صرف قومی بلکہ بین الاقوامی سطح پر اپنی منفرد پہچان رکھتے ہیں۔ خصوصی افراد کو مثبت سرگرمیوں میں مشغول رکھ کر ان کی ذہنی و جسمانی نشوونما کے ساتھ ساتھ روزگار کے مواقع فراہم کرنا ایک شاندار مثال ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسے اقدامات سے خصوصی افراد کو معاشرے کا ایک کارآمد حصہ بنایا جا سکتا ہے۔

کاڈو کی جانب سے آئی ٹی کے بڑھتے ہوئے رجحان کو مدنظر رکھتے ہوئے فری لانسنگ سینٹر کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے، جہاں نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے روزگار کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ، سیاحت کے دوران انٹرنیٹ کی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے سیاحوں کو سہولتیں بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔

گلگت بلتستان میں موجود قیمتی جواہرات اور معدنیات کو عالمی منڈی تک پہنچانے کے لیے جیمز اینڈ جیولری سینٹر بھی ایک اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ اس منصوبے کے ذریعے مقامی افراد کو روزگار کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں اور علاقے کی معیشت کو فروغ دیا جا رہا ہے۔

ہینڈی کرافٹس سینٹر میں خصوصی طور پر ان خواتین کو شامل کیا گیا ہے جو جسمانی یا ذہنی کمزوری کے باعث دیگر کاموں میں حصہ نہیں لے سکتیں۔ ان خواتین کو ہینڈی کرافٹس کی تربیت دی جاتی ہے، جن کی مصنوعات قومی اور بین الاقوامی مارکیٹ میں فروخت کی جاتی ہیں، یوں ان خواتین کو باعزت روزگار کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔

گورنر گلگت بلتستان نے کاڈو کے ان اقدامات کو دیگر علاقوں کے لیے ایک مثالی ماڈل قرار دیتے ہوئے ادارے کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کاڈو کے منصوبوں کو بھرپور معاونت فراہم کرے گی۔

گورنر گلگت بلتستان نے اس موقع پر کاڈو کی ٹیم کو ان کی محنت اور لگن پر مبارکباد پیش کی اور 25سال سے خصوصی افراد کے ساتھ شرما ریہبلیٹیشن سنٹر میں اپنی خدمات سرانجام دینے والے سلطان اعظم کو ان کی بہترین خدمات پر تعریفی سند بھی دی.

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button