چار نئی دریافتوں سے کے پی کے میں گیس کی یومیہ پیداوار میں 180 ایم ایم ایس سی ایف کا اضافہ،علی امین گنڈاپور کو بریفنگ

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت خیبر پختونخوا آئل اینڈ گیس کمپنی لمیٹڈ کا اجلاس منعقدہوا. وزیراعلی کے معاون خصوصی برائے توانائی، سیکرٹری توانائی، کمپنی کے چیف ایگزیکٹو اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ وزیراعلٰی کو کمپنی کی کارپوریٹ بزنس اسٹریٹجی، صوبے میں تیل و گیس کی استعداد، حالیہ دریافت و سرمایہ کاری اور دیگر امور پر بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ کے پی آئل اینڈ گیس کمپنی کی میران بلاک کی ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن کے سلسلے میں اہم کامیابی، میران بلاک کی بڈنگ کا عمل مکمل، 49 فیصد شیئرز فروخت کر دیے گئے، مذکورہ بلاک کے 51 فیصد شیئرز بغیر کسی رسک کے خیبر پختونخواہ آئل اینڈ گیس کمپنی کے پاس رہیں گے۔منصوبے کے تحت صوبے میں 22 ارب روپے کی ڈائریکٹ سرمایہ کاری کی جائے گی۔ ایکسپلوریشن مرحلے کے سو فیصد اخراجات متعلقہ کنسورشیم برداشت کرے گا۔

ملک میں تیل اور گیس کی پیداوار میں خیبرپختونخوا کا بڑا کردار ہے۔ صوبے میں تیل کی پیداوار 30 ہزار بی پی ڈی ہے جو مجموعی ملکی پیداوار کا 42 فیصد بنتا ہے، خیبر پختونخوا میں گیس کی پیداوار 410 ایم ایم سی ایف ڈی ہے جو مجموعی ملکی پیداوار کا 13 فیصد ہے، اسی طرح صوبے میں ایل پی جی کی یومیہ پیداوار 800 ٹن ہے جو مجموعی ملکی پیداوار کا 40 فیصد ہے۔خیبرپختونخوا آئل اینڈ گیس کمپنی لمیٹڈ تیل اور گیس کے دیگر متعدد بلاکس میں بھی سرمایہ کاری کر رہی ہے۔ دیرپا اثرات کی حامل چار نئی دریافتوں سے صوبے میں گیس کی یومیہ پیداوار میں 180 ایم ایم ایس سی ایف کا اضافہ ہوا ہے، مذکورہ دریافتوں کے نتیجے میں تیل کی یومیہ پیداوار میں بھی 5550 بیرل کا اضافہ ہوا۔ 2013 سے 2024 تک کمپنی کا ایکٹویٹی انجیکشن 4 ارب روپے ہے۔ صوبائی کابینہ کے منظور شدہ انویسٹمنٹ پلان کی روشنی میں کمپنی کا سالانہ بجٹ تیار کیا گیا ہے، نئے بلاکس کی ایکسپلوریشن کے لیے رواں مالی سال کے بجٹ میں 3 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔وزیراعلٰی علی امین خان گنڈاپور نے میران بلاک کی بڈنگ کا عمل کامیابی سے مکمل کرنے پر کے پی او جی سی ایل کی انتظامیہ کی کارکردگی کی تعریف کی انھوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا آئل اینڈ گیس کمپنی نے کامیاب بڈنگ کے ذریعے ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا۔ یہ پیش رفت کمپنی کو مزید مستحکم بنانے اور خطے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی، صوبے میں پن بجلی کے جاری منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ضم اضلاع میں چھوٹے پن بجلی گھروں کی تعمیر کے لئے سروے کئے جائیں، مساجد اور گھروں کی سولرائزیشن کے منصوبے پر جلد کام شروع کیا جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button