پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ میں مسیحی برادری سے اظہار یکجہتی اور کرسمس ڈے کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ بیرسٹر نبیل احمد اعوان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے افسران و ملازمین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ اس موقع پر چیئرمین پی اینڈ ڈی بورڈ بیرسٹر نبیل احمد اعوان نے کرسمس کی آمد کے موقع پر کرسچن کمیونٹی سے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ملک کی تعمیر و ترقی اور بے مثال حب الوطنی پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھائی چارہ، باہمی ہم آہنگی، اتحاد، رواداری، امن کا فروغ اور محبت اسلام اور مسیحی تعلیمات کا حصہ ہیں اور تمام پیغمبروں کا احترام کرنا ہمارا مذہبی فریضہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کے آئین کے مطابق ملک میں بسنے والی تمام اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی اور مساوی حقوق حاصل ہیں ۔ بیرسٹر نبیل احمد اعوان نے کہا کہ کرسچن کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے افسران اور سٹاف ہمارے لئے قابلِ احترام ہے ۔ اس موقع پر کنسلٹنٹ پی اینڈ ڈی بورڈ زارہ عظیم نے چیرمین پی اینڈ ڈی بورڈ بیرسٹر نبیل احمد اعوان اور تقریب میں شریک تمام افسران اور سٹاف کا شکریہ ادا کیا۔
تقریب کے اختتام پر کرسمس کی مناسبت سے چیئرمین پی اینڈ ڈی بورڈ کی جانب سے کرسمس کیک بھی کاٹا گیا۔






