وزیراعلیٰ سندھ نے ملیر میں حسن سلیمان میموریل ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھ دیا،ہسپتال پسماندہ علاقے کے افراد کےلیے امید کی کرن ہے، مراد علی شاہ

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹرز کے ہمراہ ملیر میں حسن سلیمان میموریل اسپتال کا سنگ بنیاد رکھا۔ ان کا کہنا تھاکہ منصوبہ پسماندہ افراد کوصحت کی سہولیات فراہم کرنے کی طرف اہم پیش رفت ہے۔

سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں صوبائی وزرا شرجیل میمن، سردار شاہ، جام خان شورو، شاہد تھہیم، ریاض شاہ شیرازی، مشیر نجمی عالم اور دیگر نے شرکت کی۔ نامور ڈاکٹروں اور مخیرحضرات جن میں سندھ جناح یونیورسٹی کے وی سی ڈاکٹر امجد سراج میمن، جناح اسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر شاہد رسول، پروفیسر طارق محمود، پیشنٹ ایڈ فاؤنڈیشن کے مشتاق چھاپڑا اور دیگر بھی موجود تھے۔

سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ منصوبہ پاکستانی امریکی ڈاکٹرز اور حکومت سندھ کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے، منصوبہ انسان دوستی اور بین الاقوامی تعاون کا زبردست نمونہ ہے۔

حسن سلیمان میموریل اسپتال کا سنگ بنیاد ابراہیم حیدری میں رکھا گیا۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ اسپتال کی تعمیر سے شہر کے پسماندہ علاقے میں صحت کی سہولیات میں بڑے پیمانے پر بہتری آئےگی۔ یہ منصوبہ پاکستانی امریکی ڈاکٹروں کے عزم کا مظہر ہے جس میں سندھ حکومت ان کے ساتھ ہے۔

مراد علی شاہ نے اسپتال کو امید کی کرن قرار دیا اور وعدہ کیا کہ جتنا فنڈز جمع ہوگا اتنا ہی حصہ حکومت سندھ ڈالے گی۔ انہوں نے اسپتال کی تعمیر اور انفرا اسٹرکچر، پالیسی اور انتظامی معاونت سے اسے چلانے میں حکومتی مدد کی یقین دہانی کرائی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے امریکا میں مقیم پاکستانی برادری کی انتھک کوششوں اور بھرپور تعاون کی تعریف کی اور اسے متاثرکن قرار دیا۔

حسن سلیمان فاؤنڈیشن کے چیئرمین ڈاکٹر جاوید سلیمان نے حکومت پاکستان کے تعاون کا شکریہ ادا کیا، خصوصی طور پر صدر آصف علی زرداری کے ویژن ، حکومت سندھ کی جانب سے زمین کی فراہمی اور مالی امداد کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ اسپتال کے قیام کا مقصد ضرورت مند افراد کو مفت علاج کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ اسپتال صرف صحت کی سہولیات کا نام نہیں بلکہ ان کا دل بھی اس کےساتھ دھڑکتا ہے۔

حسن سلیمان میموریل اسپتال کے صدر ڈاکٹر اقبال ظفرنے اسپتال کی تعمیر کےلیے بین الاقوامی تعاون پر روشنی ڈالی اور کہا کہ اس سے پاکستانی امریکیوں کو اپنے وطن کے ساتھ جڑنے کا بہانہ مل گیا ہے۔ انہوں نے اسپتال کو ملیر کے عوام کےلیے لائف لائن قرار دیا۔

منصوبے کے چیئرپرسن ڈاکٹر ایس ایم طارق رفیع نے امید اور تشکر کے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے صدر زرداری، وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی غیرمشروط حمایت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے زور دیا کہ اسپتال پسماندہ افراد کےلئے جائے پناہ ثابت ہوگی جہاں سے روشن مستقبل کا آغاز ہوگا۔

حسن سلیمان میموریل اسپتال 312 بستروں پر مشتمل ہوگا اور یہ دو سال میں مکمل ہوگا، 2026 میں مریضوں کے علاج کا آغاز ہوجائےگا۔ اسپتال میں ایمرجنسی امداد ، دل کے آپریشن، عارضہ قلب ، بچوں اور خواتین کیلیے خصوصی علاج کی سہولیات سمیت بڑے پیمانے پرمفت علاج کی سہولیات دستیاب ہوں گی۔ ڈاکٹر جاوید سلیمان نے افتتاح کے موقع پر دل کی پہلی اینجیوپلاسٹی خود کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ اسپتال کی کامیابی پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور صحت سہولیات کےلیے سرحد پارسے تعاون کی بہترین مثال ہے۔

جواب دیں

Back to top button