وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے لاہور کے نواحی علاقے سگیاں میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے قائم کردہ قربانی سیل پوائنٹ کا اچانک دورہ کر کر کے انتظامات اور سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمی لاہور/ ڈپٹی کمشنر رافعہ حیدر، چیف آفیسر ایم سی ایل علی عباس بخاری اور اسسٹنٹ کمشنر سٹی رائے بابر بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے وزیر بلدیات کو سیل پوائنٹ پر کئے گئے انتظامات پر بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر نے میٹروپولیٹن کارپوریشن کی طرف سے انتظامات پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کو غیرقانونی منڈیوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے سڑکوں اور گلیوں میں جانوروں کی فروخت کے خلاف لگائی گئی پابندی پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ وزیر بلدیات نے قربانی سیل پوائنٹ پر موجود شہریوں اور بیوپاریوں کی شکایات سنیں اور متعلقہ افسروں کو ازالے کیلئے موقع پر ہدایات جاری کیں۔ اس موقع پر وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے گفتگو کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سرکاری سیل پوائنٹس پر جانوروں کے بیوپاریوں اور شہریوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے سیل پوائنٹ پر رات کے وقت روشنی اور موثر سکیورٹی کے انتظامات کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ قربانی کے جانوروں کی خریدوفروخت ایک مذہبی رسم ہے۔ لہذا قربانی سیل پوائنٹس پر تعینات میونسپل سٹاف خوش اخلاقی کا مظاہرہ کرے اور شہریوں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی دیانتداری کے ساتھ یقینی بنائے۔ انہوں نے سختی کے ساتھ ہدایت کی کہ کسی بیوپاری یا خریدار کی شکایت پر فوری کارروائی کی جائے۔







