گلگت بلتستان کے مختلف محکموں کے اعلیٰ حکام نے ہنزہ اور نگر کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا،جس میں سیکریٹری سیاحت ضمیر عباس، سیکریٹری اطلاعات دلدار احمد ملک، سیکریٹری خوراک صفدر خان اور سیکریٹری واٹر مینجمنٹ اعظم خان شامل تھے۔

ان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر ہنزہ، متعلقہ محکموں کے افسران اور ضلعی انتظامیہ کے نمائندگان بھی موجود تھے۔دورے کے دوران حکومت گلگت بلتستان کے اعلیٰ حکام نے ہنزہ، گوجال، حسن آباد اور نگر کے متاثرہ علاقوں کا معائنہ کیا، جہاں سیلاب کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات اور بحالی کے جاری اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ مقامی کمیونٹی سے ملاقات کے دوران متاثرین کی مشکلات سنی گئیں اور ان کے فوری حل کے لیے اقدامات کی یقین دہانی کروائی گئی۔ہنزہ دورے کے موقع پر ڈپٹی کمشنر ہنزہ نظام الدین نے اعلیٰ حکام کو موجودہ صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں انتظامیہ کی جانب سے جاری ریسکیو، ریلیف اور بحالی کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ تمام تر دستیاب وسائل کے ساتھ متاثرہ عوام کی مدد کے لیے سرگرم ہے اور امدادی سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں۔اس موقع پر سیکریٹری اطلاعات گلگت بلتستان دلدار احمد ملک نے ڈپٹی کمشنر نظام الدین کی قیادت اور کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ سیلابی صورتحال کے دوران نہایت متحرک انداز میں اپنی ٹیم کے ہمراہ فیلڈ میں موجود رہے اور عوام کے درمیان رہ کر حالات کو خود مانیٹر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے افسران حقیقی معنوں میں عوامی خدمت کی مثال ہیں، جو ہنگامی حالات میں بھی اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھا رہے ہیں۔سیکریٹری اطلاعات نے مزید کہا کہ حکومت گلگت بلتستان متاثرہ عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور تمام ادارے باہمی رابطے اور تعاون کے تحت امدادی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں فوری اور طویل مدتی بحالی کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔






