پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈ کمپنی اور ورلڈ بینک کے اشتراک سے پنجاب انکلوسیو سٹیز پروگرام کی تعارفی ورکشاپ کا انعقاد

پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈ کمپنی (PMDFC) اور ورلڈ بینک کے اشتراک سے ”پنجاب انکلوسیو سٹیز پروگرام” (PICP) کی تعارفی ورکشاپ کا انعقاد لاہور میں کیا گیا۔ ورکشاپ کا مقصد پروگرام کے مقاصد، فنڈنگ میکانزم، مانیٹرنگ طریقہ کار، اور بلدیاتی اداروں کے کردار سے متعلق آگاہی فراہم کرنا تھا۔ورکشاپ میں پنجاب کی 14 منتخب میونسپل کمیٹیوں اور کارپوریشنز سے ایڈمنسٹریٹرز، چیف آفیسرز، میونسپل آفیسرز برائے سروسز، پلاننگ، انفراسٹرکچر، اور فنانس نے شرکتکی۔ ورکشاپ میں سیکرٹری بلدیات میاں شکیل احمد، سپیشل سیکرٹری آسیہ گل، ورلڈ بینک کی ٹیم ٹاسک لیڈ آمنہ راجہ، کارلو البرٹو، کمپنی بورڈ کے رکن قمر الزمان، اور دیگر ماہرین نے خصوصی شرکت کی۔

ورلڈ بینک کے نمائندوں نے پروگرام کے تحت فراہم کی جانے والی مالی معاونت، فنڈز کے اجراء کا طریقہ کار، اور پروجیکٹ اہداف سے متعلق تفصیلی پریزنٹیشنز دیں۔ اسی طرح PMDFC کے مختلف سیکشن ہیڈز نے پروگرام میں شامل پروکیورمنٹ، فنانشل، ٹیکنیکل اور سوشل، انوائرنمنٹل اجزاء پر روشنی ڈالی اور شرکاء کو تمام پہلوؤں سے آگاہ کیا۔سیکرٹری بلدیات میاں شکیل احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ پنجاب انکلوسیو سٹیز پروگرام کے تحت سیوریج، واٹر سپلائی اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے متعدد منصوبے مکمل کیے جائیں گے۔ ان منصوبوں کے نتیجے میں پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں میں نمایاں کمی آئے گی، جس کا براہ راست فائدہ بچوں کی صحت اور نشوونما پر پڑے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ماحولیاتی اور سماجی گائیڈ لائنز پر مؤثر عملدرآمد کے لیے میونسپل آفیسرز کو فوکل پرسنز کے طور پر نامزد کیا جا رہا ہے۔

سیکرٹری بلدیات نے اعلان کیا کہ سیوریج اور واٹر سپلائی منصوبوں کی موثر مانیٹرنگ اور فنکشنل کارکردگی کے لیے میونسپل آفیسرز سروسز کی تعیناتی کے نوٹیفکیشن جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ ہر MC سطح پر واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز کے لیے ایک خصوصی یونٹ بھی قائم کیا جائے گا۔انہون نے مزید کہا کہ تمام افسران اس حوالے سے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں، مذہبی اور اخلاقی فریضہ سمجھتے ہوئے ادا کریں۔

ایم ڈی پی ایم ڈی ایف سی، سید زاہد عزیز نے پروگرام سے متعلق تفصیلی پریزنٹیشن دی۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی سی پی پنجاب حکومت کے سٹیز ڈویلپمنٹ پروگرام کا ایک اہم ستون ہے اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی قیادت میں اسے نمایاں ترجیح حاصل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نامناسب ویسٹ واٹر نکاسی کی وجہ سے زیر زمین پانی اور ماحول کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ اس تناظر میں پروگرام میں سٹارم واٹر ڈرینز، سٹوریج ٹینکس، اور بارشی پانی کی نکاسی جیسے اقدامات شامل کیے جا رہے ہیں۔ایم ڈی پی ایم ڈی ایف سی نے مزید بتایا کہ جھنگ میں لینڈ فل سائٹ کا قیام پروگرام کا حصہ ہے، جبکہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا تاکہ میٹیریل ریکوری سہولیات اور انجینئرڈ لینڈ فل سائٹس کے ذریعے کچرے کی مقدار کو کم کیا جا سکے۔سیشن کے اختتام پر ماہرین نے شرکاء کے سوالات کے تفصیلی جوابات دیے۔

جواب دیں

Back to top button