کراچی کے صنعت کاروں کے مسائل حل کرنے کےلیے کمیٹی بنادی، چیئرمین بلاول بھٹو نےتاجروں کے مسائل حل کرنے کی واضح ہدایات دی ہیں، مراد علی شاہ

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صنعتکاروں کے تحفظات دور کرنے کے لیے اپنی سربراہی میں ایک مشترکہ "فسیلیٹیشن اینڈ کوآرڈینیشن کمیٹی” قائم کرنے کا حکم دے دیا، وزیراعلیٰ نے ایک الگ اجلاس میں دھابیجی اسپیشل اکنامک زون پر ترقیاتی کام تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔

دونوں اجلاس وزیر اعلیٰ ہاؤس میں منعقد ہوئے جن میں وزیر منصوبہ بندی و ترقی سید ناصر شاہ، وزیر اینٹی کرپشن و زراعت محمد بخش مہر، وزیر داخلہ ضیا لنجار، وزیر صنعت جام اکرام، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے سرمایہ کاری سید قاسم نوید، پرنسپل سیکریٹری وزیراعلیٰ آغا واصف، چیئرمین پی اینڈ ڈی نجم شاہ، سیکریٹری سرمایہ کاری راجہ خرم، ڈی جی پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ یونٹ اسد ضامن، سی ای او ایس ای زی ایم سی عظیم عقیلی سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔صنعتکاروں کے مسائل کا حل

وزیر اعلیٰ نے محکمہ ریونیو اور پولیس کو ہدایت کی کہ وہ قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کریں اور صنعتکاروں کو درپیش تمام ریونیو اور پولیس سے متعلق مسائل حل کریں۔ انہوں نے بتایا کہ صنعتکاروں نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی تھی اور چیئرمین نے ان کے مسائل کے حل کے لیے واضح ہدایات جاری کی ہیں۔

مراد علی شاہ نے چیف سیکریٹری کو ہدایت کی کہ وہ "فسیلیٹیشن اینڈ کوآرڈینیشن” کمیٹی کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کریں جس میں آباد سمیت مختلف صنعتکار تنظیموں کے سربراہان شامل ہوں گے تاکہ ان کے مسائل کے حل کے لیے مشترکہ تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے سینئر ممبر بورڈ آف ریوینیو بقا اللہ انڑ اور آئی جی پولیس غلام نبی میمن کو بھی ہدایت کی کہ وہ صنعتی علاقوں سے تمام تجاوزات ختم کریں اور گرین بیلٹس کو بحال کریں۔ مزید برآں انہوں نے صنعتکاروں کے ساتھ مل کر دونوں موجودہ اور آئندہ سرمایہ کاری کے لیے سہولیات سے متعلق تجاویز پر کام کرنے کی ہدایت دی۔وزیراعلیٰ نے نکاسی آب، پانی کی فراہمی اور سڑکوں سے متعلق مسائل کا جائزہ لینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے صنعتی علاقوں میں کچھ سڑکیں ایسوسی ایشن کی کوششوں سے تعمیر کی گئی ہیں اور اس پر کام جاری ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ محکمہ ریونیو صنعتکاروں کے مسائل فوری حل کرے اور کہا کہ چیف سیکریٹری ریونیو دفاتر کی رپورٹس کی ذاتی طور پر نگرانی کریں۔ مراد علی شاہ نے صنعتی ترقی کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اس سے قومی معیشت کو مزید استحکام ملے گا۔

دھابیجی اسپیشل اکنامک زون کی پیش رفت

اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ کو بتایا گیا کہ دھابیجی اسپیشل اکنامک زون کا تعمیراتی کام 10.6 فیصد تک مکمل ہوا ہے۔ انہوں نے اس سست رفتاری پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اپنے معاون خصوصی کو ہدایت کی کہ تعمیراتی کام کی رفتار تیز کی جائے اور پیش رفت سے متعلق باقاعدہ رپورٹ فراہم کی جائے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ 70 فیصد بجلی کی تنصیب مکمل ہو چکی ہے جبکہ گیس کی فراہمی کا کام جاری ہے۔ وزیر اعلیٰ نے نوٹ کیا کہ زون کے لیے پانی کی فراہمی کا نظام بھی زیر تکمیل ہے۔ مراد علی شاہ نے اپنے معاون خصوصی کو ہدایت کی کہ 10 ایم جی ڈی کی پائپ لائن بچھائی جائے اور اس منصوبے کو فروری 2025 تک مکمل کیا جائے۔جب وزیر اعلیٰ نے داخلی سڑکوں کی حالت کے بارے میں استفسار کیا تو وزیر منصوبہ بندی و ترقی ناصر شاہ نے بتایا کہ تعمیراتی کام محکمہ ورکس اینڈ سروسز کے تحت جاری ہے اور 50 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔ اس پر وزیر اعلیٰ نے وزیر منصوبہ بندی و ترقی کو ہدایت کی کہ ترقیاتی کام کی رفتار مزید تیز کی جائے۔

جواب دیں

Back to top button