ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسٰی رضا کی روزانہ کی بنیاد پر صفائی امور کی چیکنگ اور سخت احکامات کا لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے حکام پر خاص اثر نہ ہوا۔شہر کے اہم ٹاؤن گلبرگ میں صفائی کی حالت انتہائی خراب ہے۔جہاں ڈور ٹو ڈور ویسٹ کولیکشن تو دور کوڑے کے ڈھیر اور کنٹینرز کی بروقت صفائی نہیں ہو رہی ہے۔ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن کی ایل ڈبلیو ایم سی کے متعلقہ افسران کو وارننگ بھی بے اثر گئی۔لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے زونل افسران اور ٹاؤن مینجر زکی غفلت اور نااہلی کی وجہ سے ستھرا پنجاب پروگرام میں دیگر اہم امور چھوڑ کر ضلعی انتظامیہ کی تمام تر توانائیاں صرف ہو رہی ہیں۔وزیر اعلٰی مریم نوازشریف کے احکامات کے

باوجود گلبرگ ٹاؤن کو زیرو ویسٹ نہیں کیا جا سکا ہے۔مکینوں اور شہریوں کی شکایات کے باوجود جگہ جگہ کوڑے کے ڈھیر کلیئر نہیں کئے جا رہے ہیں۔گلبرگ ٹاؤن کے سابق بلدیاتی نمائندوں کو بھی عوام کے سامنے شرمندگی کا سامنا ہے۔جبکہ زونل آفیسرز اور ٹاؤن مینجر گلبرگ کی جانب سے وزیر بلدیات، سیکرٹری بلدیات،کمشنر،ڈپٹی کمشنر، سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی کی بجھوائی جانے والے رپورٹ سب او کے کی ہے۔گلبرگ ٹاؤن کے بیشتر خالی پلاٹوں پر کئی ماہ گزرنے کے باوجود کوڑا نہیں اٹھایا جا رہا ہے۔جس سے مکینوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔مکینوں نے وزیر بلدیات، سیکرٹری بلدیات، ڈپٹی کمشنر اور سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی سے گلبرگ ٹاؤن میں یونین کونسلز کی سطح پر صفائی کی حوالے سے سروے منگوانے اور غیر جانبدار آفیسر سے صورتحال کی رپورٹ منگوا کر کارروائی کرنے کی اپیل کی ہے۔
ٹاؤن مینجر گلبرگ زون کے خلاف غلط رپورٹس پر کارروائی کا مطالبہ کیا ہے






